عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر رن وے کی ضروری مرمت اور دیکھ بھال کے کام کے پیشِ نظر یکم اکتوبر سے 15 اکتوبر تک تمام پروازوں کی آمد و رفت معطل رہے گی۔ ہوائی اڈے کے حکام نے منگل کے روز اس کی تصدیق کی۔
حکام کے مطابق رن وے کی مرمت اور حفاظتی اقدامات کے تحت ہوائی اڈے کو مکمل طور پر پندرہ دن کیلئے بند رکھا جائے گا۔ اس سے قبل جولائی سے مرحلہ وار شیڈول کے تحت ہر ہفتے دو دن ہوائی اڈے کی سرگرمیاں معطل رکھی جائیں گی، جس کے بعد یکم اکتوبر سے مکمل بندش نافذ ہوگی۔
سیاحت سے وابستہ حلقوں اور ٹریول آپریٹروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ بندش جموں و کشمیر کی سیاحتی صنعت کیلئے بڑا دھچکا ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ یہ مدت مغربی بنگال میں درگا پوجا کی تعطیلات کے عین دوران آ رہی ہے۔ اس موسم میں وادی کشمیر میں مغربی بنگال سے بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں، اور ہوائی اڈے کی بندش کے باعث بکنگ منسوخ ہونے اور مالی نقصانات کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ہوائی اڈہ حکام کا کہنا ہے کہ رن وے کی مرمت فضائی آپریشنز کے محفوظ انعقاد کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 6 اپریل سے ہی بھارتی فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس ٹو ایئرمین (NOTAM) کے تحت پروازوں پر بعض پابندیاں عائد ہیں، اور موجودہ مرمتی منصوبہ انہی اقدامات کا تسلسل ہے۔
سرینگر ہوائی اڈہ یکم اکتوبر سے پندرہ روز کیلئے بند، سیاحتی صنعت کو نقصان کا خدشہ