عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/غیر قانونی کان کنی کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کے روز ضلع شوپیاں میں معدنیات کی غیر قانونی نکاسی اور نقل و حمل میں ملوث پانچ گاڑیوں کو ضبط کر لیا۔
پولیس کے ایک بیان کے مطابق معمول کی گشت کے دوران پولیس پوسٹ کیگام کی ایک ٹیم نے دو ٹریکٹروں کو روکا اور ضبط کیا ،بدوران تفتیش یہ پایا گیا کہ دونوں ٹریکٹر مالکان بغیر لازمی اجازت ناموں کے غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن شاپیاں میں متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 44/2026 درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اسی طرح ایک اور کارروائی میں، مخصوص اطلاع کی بنیاد پر پولیس اسٹیشن زینہ پورہ کی ٹیم نے دو ٹریکٹر اور ایک ڈمپر کو روکا جو بغیر رائلٹی دستاویزات کے معدنیات کی غیر قانونی نکاسی میں ملوث تھے۔ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن زینہ پورہ میں ایف آئی آر نمبر 40/2026 درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے ضلع کے قدرتی وسائل کے تحفظ کے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع دے کر پولیس کا تعاون کریں۔ مخبروں کی شناخت کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شوپیاں میں غیر قانونی کان کنی میں ملوث 5 گاڑیاں ضبط