عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/ہفتہ کے روز جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں’’خصوصی حیثیت‘‘کے معاملے پر نیشنل کانفرنس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان شدید نوک جھونک دیکھنے میں آئی۔ایوان میں اُس وقت ہنگامہ برپا ہوگیا جب نیشنل کانفرنس کے ایم ایل اے جاوید بیگ خصوصی حیثیت کے موضوع پر پُرجوش انداز میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔قائدِ حزبِ اختلاف سنیل شرما نے ان کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آئینِ ہند میں’’خصوصی حیثیت‘‘جیسی کوئی اصطلاح موجود ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہااگر آپ مجھے آئین ِہند میں ‘خصوصی حیثیت’ کے الفاظ دکھا دیں تو میں کسی بھی سزا کے لیے تیار ہوں۔ ایوان میں شور شرابا کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
سنیل شرما کے ان ریمارکس پر نیشنل کانفرنس کے اراکین نے آرٹیکل 370 کے حق میں نعرے بازی شروع کردی، جبکہ بی جے پی کے اراکین نے بھی نعرے لگائے، جس کے نتیجے میں ایوان میں چند منٹ تک شدید ہنگامہ آرائی جاری رہی۔