عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے ہفتہ کے روز عوام سے منشیات سے پاک معاشرہ قائم کرنے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 3 مئی کو ٹی آر سی فٹبال اسٹیڈیم سری نگر میں ایک میگا پدیاترا کا انعقاد کیا جائے گا۔
اپنے عوامی پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وہ پورے جموں و کشمیر میں منشیات کے ناسور کے خاتمے کیلئے ایک مضبوط اور حوصلہ افزا عوامی جذبہ دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے معاشرے کے ہر طبقے، خصوصاً نوجوانوں، سے اپیل کی کہ وہ پدیاترا میں شرکت کریں اور منشیات کے خلاف اجتماعی آواز بلند کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں متحد ہو کر ایک محفوظ اور صحت مند جموں و کشمیر کی تعمیر کیلئے کام کرنا ہوگا تاکہ آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ منشیات مخالف مہم کی کامیابی کیلئے عوامی شرکت ناگزیر ہے۔
یہ اقدام انتظامیہ کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری بیداری مہم اور سخت کارروائیوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد عوامی تعاون کے ذریعے اس مہم کو مؤثر اور پائیدار بنانا ہے۔
منشیات سے پاک جموں و کشمیر مہم، 3 مئی کو میگا پدیاترا، ایل جی منوج سنہا کی عوام سے شرکت کی اپیل