عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے بدھ کے روز پہلگام میں گزشتہ سال ہونے والے حملے کے شہداء کو ان کی پہلی برسی پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ایل جی سنہا نے سماجی ربطہ گاہ ایکس (X) پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان معصوم جانوں کو خراجِ عقیدت جو 2025 میں آج ہی کے دن پہلگام میں ہونے والے حملے میں جاں بحق ہوئیں۔ ان کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ہمدردیاں اور دعائیں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، کیونکہ جموں و کشمیر حالیہ برسوں کے بدترین حملوں میں سے ایک کو یاد کر رہا ہے۔
دوسری جانب، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملی ٹینسی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود ہم دہشت اور تشدد کے خلاف متحد ہیں۔ ہم جموں و کشمیر کو دکھ اور معصوم جانوں کے ضیاع سے پاک کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے کہ ایسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔
انہوں نے مزید کہا ہم ان خاندانوں کے ساتھ ہمیشہ یکجہتی میں کھڑے ہیں جنہوں نے ایک سال قبل اس بزدلانہ حملے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔
پہلگام حملے کی پہلی برسی: ایل جی منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے خراج عقیدت پیش