عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے اضلاع اننت ناگ اور کپواڑہ میں ضلع انتظامیہ نے ہنگامی تیاریوں کے تحت سول ڈیفنس ایئر ریڈ موک ڈرل اور بلیک آؤٹ مشقوں کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع اننت ناگ میں یہ مشق 23 اپریل کو جبکہ کپواڑہ میں 24 اپریل 2026 کو منعقد کی جائے گی۔ دونوں اضلاع میں موک ڈرل دوپہر 3:30 بجے ہوگی، جبکہ بلیک آؤٹ رات 8:00 بجے سے 8:10 بجے تک جاری رہے گا۔
حکام کے مطابق ان مشقوں کا مقصد عوام میں بیداری پیدا کرنا، ہنگامی حالات جیسے ایئر ریڈ یا دیگر بحران کے دوران ردِعمل کے نظام کو جانچنا اور مختلف محکموں کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانا ہے۔ اس کے ذریعے انتظامیہ اور عوام دونوں کی تیاری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ بلیک آؤٹ کے دوران سائرن بجتے ہی تمام لائٹس اور روشنی کے ذرائع، بشمول انورٹر، سولر لائٹس، موبائل فلیش لائٹس اور گاڑیوں کی لائٹس بند کر دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پردے گرا کر اور کھڑکیاں بند رکھ کر روشنی کے اخراج کو روکنے کی تاکید کی گئی ہے۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو پہلے سے آگاہ کریں تاکہ کسی قسم کی گھبراہٹ یا پریشانی سے بچا جا سکے، جبکہ اس دوران تمام ہنگامی خدمات اور اہم طبی سہولیات معمول کے مطابق فعال رہیں گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ صرف ایک موک ڈرل ہے اور کوئی حقیقی ہنگامی صورتحال نہیں، لہٰذا عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ان مشقوں کو کامیاب بنایا جا سکے۔
اننت ناگ اور کپواڑہ میں سول ڈیفنس ایئر ریڈ موک ڈرل اور بلیک آؤٹ مشقوں کا اعلان