عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان چودھری رمضان نے منگل کے روز پارلیمنٹ میں منعقدہ آل پارٹی اجلاس کے دوران سیاسی، قانونی اور اقتصادی نوعیت کے متعدد اہم مسائل اٹھاتے ہوئے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسائل جموں و کشمیر اور ملک کے دیگر کمزور طبقات کو براہِ راست متاثر کر رہے ہیں۔اجلاس میں وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیرِ صحت و قائدِ ایوان راجیہ سبھا جے پی نڈا، وزیرِ پارلیمانی امور کرن رجیجو، وزیرِ قانون ارجن رام میگھوال، وزیرِ مملکت ایل مرگن اور مختلف جماعتوں کے فلور لیڈر شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری رمضان نے جموں و کشمیر کو مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھاری مینڈیٹ کے باوجود منتخب حکومت کو آزادانہ طور پر کام کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس کے باعث حکومت عوام کے تئیں اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصر ہے۔قیدیوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے، رکنِ پارلیمان چودھری رمضان نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر کے ان قیدیوں کو، جو یونین ٹیریٹری سے باہر مختلف جیلوں میں بند ہیں، واپس لایا جائے تاکہ انہیں قانون کے مطابق قانونی امداد حاصل ہو سکے۔ انہوں نے معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ ایسے معاملات میں طویل حراست غیر ضروری اذیت کے مترادف ہے۔
حالیہ دہلی بم دھماکے کے بعد کی سکیورٹی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے رمضان نے ملک بھر میں مزدوروں، طلبہ اور تاجروں کو ہراساں کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ملی ٹینسی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو پروفائلنگ یا اجتماعی شبہات کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
اقتصادی مسائل پر بات کرتے ہوئے، انہوں نے قومی شاہراہ کی طویل بندش اور ژالہ باری و بے وقت بارش جیسی قدرتی آفات سے متاثرہ کسانوں کے لیے ریلیف کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں کسان کریڈٹ قرضوں کی معافی کی بھی اپیل کی۔ سیاحت کے شعبے کے حوالے سے، انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد یہ شعبہ شدید متاثر ہوا ہے، لہٰذا اس کے لیے سود اور قرضوں کی وصولی معطل کی جائے۔
اس کے علاوہ، چودھری رمضان نے منریگا اسکیم کے تحت 40 فیصد شراکت داری کی شرط پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر جیسے غریب خطے اس مالی بوجھ کو برداشت کرنے کے قابل نہیں، جس سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا مقصد ہی فوت ہو جاتا ہے۔
آل پارٹی اجلاس میں رُکن پارلیمان چودھری رمضان کا ریاستی حیثیت کی فوری بحالی کا مطالبہ