عظمیٰ ویب ڈیسک
گول/منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، گول میں پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو سخت گیر قانون پی آئی ٹی -این ڈی پی ایس (PIT-NDPS) ایکٹ، 1988کے تحت حراست میں لیکر جیل منتقل کر دیا ۔منشیات فروش کی شناخت وزیر احمد شان ولد احمد دین شان، ساکن گول، ضلع رام بن کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے احتیاطی حراست میں اس لیے لیا گیا ہے تاکہ منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ میں اس کی مسلسل سرگرمیوں کو روکا جا سکے، جو عوامی صحت خصوصاً علاقے کے نوجوانوں کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی تھیں۔
یہ حراستی حکم دفتر ی حکم نمبر PITNDPS-76 آف 2025کے تحت صوبائی کمیشنر جموں کی جانب سے مورخہ 30.12.2025کو جاری کیا گیا، جو پولیس حکام کی جانب سے پیش کیے گئے ریکارڈ اور شواہد کے بغور جائزے کے بعد صادر کیا گیا۔
ایف آئی آر نمبر 34/2025، زیر دفعات 8/21/22 این ڈی پی ایس ایکٹ، تھانہ گول،ایف آئی آر نمبر 60/2025، زیر دفعات 8/21/22 این ڈی پی ایس ایکٹ، تھانہ گنگیال، جموں میں درج مقدمات کے سلسلے میں ملزم کے خلاف احتیاطی حراست کی یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔پولیس منشیات کی فروشی کئ نیٹ ورکس کو توڑنے اور نوجوان نسل کو نشہ آور اشیاء کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے مسلسل اپنی کوششیں تیز کر رہی ہے۔ PIT-NDPS ایکٹ کے تحت یہ احتیاطی حراست پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف اختیار کی گئی’’زیرو ٹالرینس پالیسی‘‘کی عکاسی کرتی ہے، جو قانونی کارروائی کے باوجود بار بار اس غیر قانونی دھندے میں ملوث رہتے ہیں۔
پولیس نے ایک بار پھر منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام الناس، غیر سرکاری تنظیموں، مذہبی رہنماؤں، بالخصوص والدین اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ سے متعلق معلومات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شیئر کریں۔ پولیس منشیات کی فراہمی اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھے گی، تاکہ نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
گول میں پولیس کی اہم کارروائی ،بدنام زمانہ منشیات فروش کو پی آئی ٹی-این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا