عظمیٰ ویب ڈیسک
کپواڑہ/عوامی اتحاد پارٹی (AIP) کے سربراہ اور بارہمولہ سے رکنِ پارلیمان انجینئر رشید نے منگل کے روز اشارہ دیا کہ وہ مستقبل میں انتخابی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات نہ لڑنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا جو لوگ صرف ووٹ کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، اُنہیں یہ سن کر خوشی ہوگی کہ ممکن ہے میں مستقبل میں انتخابات نہ لڑوں۔ میں اس بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہا ہوں، اگرچہ ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے اور مناسب وقت پر فیصلہ کروں گا۔
انجینئر رشید نے یہ باتیں اپنے والد کے جنازے کے موقع پر ضلع ہندواڑہ کے ماور پائیں گاؤں میں سوگواروں سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
اس سے قبل انہیں تہاڑ جیل سے عبوری ضمانت پر رہا کیا گیا، جس کے بعد وہ براہِ راست سرینگر ایئرپورٹ سے اپنے آبائی گاؤں پہنچے تاکہ اپنے والد کی آخری رسومات میں شرکت کر سکیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے جموں و کشمیر میں امن، بھائی چارے اور سیاسی مفاہمت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انجینئر رشید مستقبل میں انتخابی سیاست کا حصہ نہ بننے کے امکان پر سنجیدہ