عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے بدھ کے روز ایوان کو یقین دلایا کہ جموں و کشمیر میں کیجول لیبرز اور ڈیلی ویجرز کو رواں مالی سال کے دوران مرحلہ وار طریقے سے مستقل کیا جائے گا۔ایم ایل اےمحمد یوسف تاریگامی کی جانب سے پیش کیے گئے بل، جس میں کیجول اور دیگر ملازمین کی مستقلی کا مطالبہ کیا گیا تھا، کے جواب میں وزیر اعلیٰ نےکہا کہ حکومت اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے پہلے ہی وعدہ کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عمل مرحلہ وار انجام دیا جائے گا اور اس بات کو دہرایا کہ یہ یقین دہانی پہلے بھی ایوان میں ریکارڈ پر لائی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہایہ مالی سال کا پہلا دن ہے اور میں نے وعدہ کیا ہے کہ اسی مالی سال کے اندر انہیں مرحلہ وار مستقل کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے اراکین کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کیجول اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کی خدمات اور محنت کو تسلیم کرتی ہے۔انہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ حکومت اس معاملے کا جائزہ لینے والی نامزد کمیٹی کی سفارشات کی منتظر ہے، اور جیسے ہی کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرے گی، مستقلی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
عارضی ملازمین کو رواں مالی سال میں مرحلہ وار طریقے سے مستقل کیا جائے گا: عمر عبداللہ