عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز اسمبلی میں واضح کیا کہ حکومت کا جموں و کشمیر میں نئے انتظامی یونٹس قائم کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے۔قانون ساز اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جو محکمۂ مال کے وزیر بھی ہیں، نے کہا کہ حکومت کی ترجیح نئے یونٹس کھولنا نہیں بلکہ پہلے سے قائم یونٹس کو مکمل طور پر فعال بنانا ہے۔انہوں نے کہا، جو یونٹس پہلے ہی قائم کیے جا چکے ہیں، انہیں مناسب طریقے سے فعال اور عملے سے لیس کرنا ضروری ہے۔ اکثر ایم ایل ایز شکایت کرتے ہیں کہ کئی انتظامی یونٹس کے پاس دفاتر اور بنیادی سہولیات موجود نہیں ہیں۔ یہ دونوں باتیں ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کئی یونٹس اب تک پوری طرح فعال نہیں ہو پائے ہیں۔ ہماری اولین ذمہ داری انہیں مکمل طور پر فعال بنانا ہے۔ اس کے بعد جہاں کہیں خلا موجود ہوگا یا نئے انتظامی یونٹس کی ضرورت محسوس کی جائے گی، اس پر غور کیا جائے گا۔
جموں و کشمیر میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ