عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وادی کشمیر میں بہار کی آمد کے ساتھ ہی سرینگر میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے ٹیولپ گارڈن کو پیر کے روز عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ باغ کا افتتاح وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے کیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر سرینگر میں اندراگاندھی میموریل ٹولپ گارڈن جو زبروان پہاڑیوں کے دامن میں واقع ہے، کو باضابطہ طور پر سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لیے کھول دیا گیا۔ باغ سے ڈل جھیل کا دلکش منظر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹیولپ گارڈن کے کھلنے کو وادی میں بہار کی آمد اور سیاحتی سیزن کے آغاز کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس سال باغ میں لاکھوں ٹیولپس کے پھول کھلنے والے ہیں جو مختلف خوبصورت رنگوں اور اقسام میں نظر آئیں گے اور سیاحوں کو مسحور کر دیں گے۔
حکام کے مطابق اس مرتبہ باغ میں ٹیولپس کی 70 سے زائد اقسام لگائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر بہاری پھولوں میں ہائیسنتھ، ڈافوڈلز، مسکاری اور ریننکیولس بھی شامل ہیں جو باغ کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کریں گے۔
ہر سال بہار کے موسم میں یہ باغ ملک اور بیرونِ ملک سے آنے والے ہزاروں سیاحوں، قدرتی مناظر کے شوقین افراد اور فوٹوگرافروں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔
انتظامیہ نے متوقع رش کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرانسپورٹ، پارکنگ، سیکورٹی اور دیگر سہولیات کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے ہیں تاکہ آنے والے سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سرینگر میں ایشیا کا سب سے بڑا ٹیولپ گارڈن عوام کے لیے کھول دیا گیا