عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اسپیشل کرائم ونگ کشمیر نے سرکاری نوکری دلانے کے نام پر لوگوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے والے ایک بڑے فراڈ کیس میں تین افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔حکام کے مطابق ملزمان نے خود کو بااثر افسران ظاہر کرتے ہوئے جعلی تقرری نامے جاری کیے اور سرکاری نوکریوں کا جھانسہ دے کر متعدد افراد کو دھوکہ دیا۔ یہ منظم دھوکہ دہی کا معاملہ اب سری نگر کی عدالت میں سماعت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اسپیشل کرائم ونگ کشمیر نے ایف آئی آر نمبر 09/2019 کے تحت دفعات 201، 419، 420، 468، 471 اور 120-B آر پی سی کے تحت چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سری نگر کی عدالت میں فردِ جرم پیش کی ہے۔بیان کے مطابق ملزمان میں فیاض احمد خان ولد گل خان ساکن ملورا شالٹینگ سری نگر، شوکت احمد شاہ ولد محمد یاسین شاہ ساکن شانزی پورہ ہندواڑہ اور اویس احمد راتھر ولد اسداللہ راتھر ساکن شالٹینگ خواجہ باغ شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ یہ کیس پلوامہ کے رہائشیوں کی شکایت پر درج کیا گیا تھا، جنہوں نے الزام لگایا تھا کہ ملزمان نے ان کے بچوں اور رشتہ داروں کو سرکاری نوکری دلانے کے بہانے لاکھوں روپے وصول کیے۔تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان نے باہمی سازش کے تحت خود کو بااثر افسران ظاہر کیا اور محکمہ جنگلات کی جانب سے جعلی تقرری نامے جاری کیے، جن کی بعد میں تصدیق ہوئی کہ وہ مکمل طور پر فرضی تھے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ملزمان نے مبینہ طور پر ’’بیک ڈور انٹری‘‘کے نام پر نقد رقم وصول کی۔ مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے تاکہ قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔کرائم برانچ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے دھوکے باز عناصر سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع ایس ایس پی اسپیشل کرائم ونگ کشمیر (کرائم برانچ جموں و کشمیر) کو دیں۔
سرکاری نوکری دلانے کے نام پر لاکھوں کا فراڈ، کرائم برانچ کشمیر نے تین افراد کیخلاف چارج شیٹ داخل کر دی