محمد تسکین
بانہال// سب ضلع ہسپتال بانہال کو ڈاکٹروں کی شدید کمی کے خلاف احتجاجاً مختصر وقت کے لیے بند کرنے کے معاملے میں پولیس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مقامی لیڈر محمد سلیم بٹ کو حراست میں لے لیا ہے اور ان کے خلاف مختلف قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن بانہال میں ایف آئی آر نمبر 63/2026 درج کی گئی ہے، جس میں بھارتیہ نیایا سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 125، 126 اور 127 شامل کی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ دفعات انسانی جان یا ذاتی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے، ناجائز رکاوٹ پیدا کرنے اور عوامی تکلیف یا نقصان کا سبب بننے والے اقدامات سے متعلق ہیں۔
واضح رہے کہ محمد سلیم بٹ، جو حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے امیدوار بھی رہ چکے ہیں، نے منگل کے روز ڈاکٹروں کی کمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر واقع سب ضلع ہسپتال بانہال کے مرکزی دروازے کو تالا لگا دیا تھا۔ اس اقدام کے نتیجے میں ہسپتال کی معمول کی طبی خدمات کچھ وقت کے لیے متاثر ہوئیں، جس پر مریضوں اور تیمارداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بعد ازاں مقامی انتظامیہ اور پولیس کی مداخلت کے بعد ہسپتال کا دروازہ کھلوایا گیا اور صورتحال کو معمول پر لایا گیا۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ ہسپتال میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
اپنے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے محمد سلیم بٹ نے کہا کہ سب ضلع ہسپتال بانہال سے کم از کم چار ڈاکٹروں کو بغیر کسی متبادل تعیناتی کے دوسری جگہ منتقل کیا گیا ہے، جس کے باعث بانہال، رامسو اور گول جیسے وسیع علاقوں کے ہزاروں مریضوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آنے والی شری امرناتھ یاترا کے پیش نظر ہسپتال میں مناسب طبی عملے کی تعیناتی ناگزیر ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔پولیس کی جانب سے مزید کارروائی جاری ہے جبکہ اس واقعے نے علاقے میں طبی سہولیات کی دستیابی پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
سب ضلع ہسپتال بانہال کو مقفل کرنے کا معاملہ: بی جے پی لیڈر محمد سلیم بٹ حراست میں، مقدمہ درج