عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/حکام نے ہفتہ کے روز رازدان ٹاپ پر تازہ برفباری کے بعد بانڈی پورہ گریزسڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کر دی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ احتیاطی اقدام کے طور پر لیا گیا کیونکہ بلند مقام پر واقع رازدان پاس پر برف باری کے باعث سڑک پھسلن کا شکار اور ٹریفک کے لیے غیر محفوظ ہو گئی ہے۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ گریزمختار احمد نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بانڈی پورہ کو دور افتادہ وادیٔ گریزسے جوڑنے والی اس اہم شاہراہ پر ٹریفک اگلے احکامات تک بند رہے گی۔
انہوں نے کہا،رازدان ٹاپ پر برفباری کے پیش نظر اور احتیاطی تدابیر کے تحت بانڈی پورہ گریزسڑک پر آمد و رفت اگلے احکامات تک معطل رہے گی۔حکام کے مطابق درے پر برفباری کی وجہ سے نہ صرف حدِ نگاہ کم ہو گئی ہے بلکہ سڑک بھی انتہائی پھسلن والی ہو گئی ہے، جس کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ٹریفک روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ تقریباً 11 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع رازدان ٹاپ بانڈی پورہ ضلع کے ذریعے وادیٔ گریزکو کشمیر کے دیگر علاقوں سے جوڑنے والا مرکزی زمینی راستہ ہے۔شدید برفباری اور خراب موسمی حالات کے باعث موسمِ سرما میں یہ سڑک اکثر متاثر رہتی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور موسم بہتر ہونے اور برف ہٹانے کے بعد سڑک کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
رازدان ٹاپ پرتازہ برفباری کے باعث بانڈی پورہ-گریز سڑک بند