عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/شمالی ضلع بانڈی پورہ گریزکے تلیل علاقے میں منگل کے روز ایک بڑا برفانی تودہ گر آیا تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ کی ٹیمیں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب دریائے کشن گنگا کے نزدیک جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جبکہ انتظامیہ نے گریز اور تلیل کے رہائشیوں کے لیے برفانی تودے سے متعلق ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں چوکنا رہنے کی ہدایت دی ہے۔
حکام کے مطابق بانڈی پورہگریزسڑک پر برف جمع ہونے کے باعث تاحال بند ہے اور برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔ادھر، جموں و کشمیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جے کے یو ٹی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع بانڈی پورہ میں 2400 میٹر سے زیادہ بلندی والے علاقوں میں کم درجے کے برفانی تودے گرنے کا امکان ہے۔
گریزکے تلیل علاقے میں برفانی تودہ گر آیا ، کوئی جانی نقصان نہیں