عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ /برف باری اور سڑکوں پر برف جمنے کے پیشِ نظر سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلمرگ نے جمعہ کے روز ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ٹنگمرگ-گلمرگ سڑک پر چلنے والی تمام گاڑیوں کے لیے اینٹی اسکیڈ چینز کا استعمال لازمی قرار دیا ہے۔حکم نامے کے مطابق ٹنگمرگ -گلمرگ سیکٹر میں برف باری کے باعث سڑک پھسلن کا شکار ہو سکتی ہے اور گاڑیوں کی آمد و رفت غیر محفوظ ہو سکتی ہے۔ عوامی تحفظ اور ٹریفک کی ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ سڑک پر چلنے والی تمام گاڑیوں کو برف باری اور برفانی حالات میں اینٹی اسکیڈ چینز لگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹنگمرگ-گلمرگ سڑک پر بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت کو تاحکمِ ثانی سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس ڈی ایم نے سب ڈویژنل پولیس آفیسر (ایس ڈی پی او) ٹنگمرگ اور تحصیلدار ٹنگمرگ کو ہدایت دی ہے کہ وہ حکم نامے پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ٹریفک مینجمنٹ کے ساتھ ساتھ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔ایڈوائزری تاحکمِ ثانی نافذ العمل رہے گی اور اس کا انحصار موسم اور سڑک کی صورتحال میں بہتری پر ہوگا۔دریں اثنا، انتظامیہ کی جانب سے عوامی سہولت کے لیے گلمرگ اور ٹنگمرگ میں نامزد افسران کے رابطہ نمبرز بھی جاری کیے گئے ہیں۔ حکام نے مقامی باشندوں اور مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفر کے دوران احتیاط برتیں اور سرکاری ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
ٹنگمرگ-گلمرگ سڑک پر اینٹی اسکیڈ چینز کا استعمال لازمی قرار