محمد تسکین
بانہال// خراب موسم اور شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر امرناتھ یاترا پیر کو مسلسل دوسرے روز بھی جموں سے معطل رہی، تاہم امرناتھ گپھا کے درشن مکمل کرنے والے یاتریوںکے واپسی قافلے جموں ۔سرینگر قومی شاہراہ کے ذریعےپیر کی ایک پہر تک جموں پہنچ چکےتھے ۔پولیس کنٹرول روم کشمیر کے مطابق 17ویں واپسی قافلے میں 2,078یاتری 52گاڑیوں میں کشمیر سے جموں روانہ ہوئے۔ ان میں 1,807 یاتری 44گاڑیوں کے ذریعے بالتل راستے سے جبکہ 271یاتری آٹھ گاڑیوں میں پہلگام راستے سے واپس جموں کی طرف روانہ ہوئے۔حکام نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جموں و کشمیر میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث احتیاطی تدبیر کے طور پر جموں سے یاترا کی روانگی پیر کے روز دوسرے روز بھی عارضی طور معطل رکھی گئی ہے۔ انتظامیہ نے پہلے ہی بتایا ہی کہ موسم کی صورتحال اور جموں۔ سرینگر قومی شاہراہ کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور موسمی بہتری کے بعد ہی یاترا دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے جموں اور رام بن اضلاع میں مختلف قیام گاہوں پر موجود یاتریوں کو تازہ ہدایات جاری ہونے تک وہیں قیام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
خراب موسم کے پیش نظر سرتھل یاترامعطل
عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ میں خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے سرتھل دیوی کی طرف یاتریوں کی آمد و رفت کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ موسمی وارننگ، جس میں علاقے میں درمیانی سے شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کشتواڑ پنکج کمار شرما نے اس سلسلے میں حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ موسمی حالات اور ممکنہ خطرات جیسے لینڈ سلائیڈنگ، پہاڑوں سے پتھر گرنا، اچانک سیلابی صورتحال، ندی نالوں میں طغیانی اور دیگر موسمی خطرات کے پیش نظر یاتریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیاگیا ۔حکم کے مطابق اگلے احکامات تک کسی بھی یاتری کو سرتھل مندر کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ضلع انتظامیہ نے تمام عقیدت مندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مدت کے دوران یاترا کرنے سے گریز کریں اور متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ انتظامیہ نے پولیس، سول انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس حکم پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔