محمد تسکین
بانہال// خراب موسمی حالات اور شدید بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر اتوار کے روز امرناتھ یاترا کو پہلگام اور بالتل دونوں راستوں سے معطل کر دیا گیا، جس کے باعث سینکڑوں یاتریوں کو ضلع رام بن کے چندرکوٹ یاتری نواس میں روک دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ہفتہ کو دوپہر دو بجے کے کٹ آف ٹائم کے بعد ہفتے کی دوپہر بعد دو بجے سے کسی بھی قسم کی یاترا گاڑی کو وادیٔ کشمیر کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی اور یہ سلسلہ یاترا کے شروعات سے جاری ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کٹ آف ٹائمنگ کے بعد ضلع رام بن کے مختلف مقامات پر ایک ہزار سے زائد یاتری اور 200سے زیادہ سیاح روک دیئے گئے ہیں جن میں سے 914یاتریوں کو چندرکوٹ یاتری نواس میں ٹھہرایا گیا، جبکہ باقی یاتریوں کے قیام کا انتظام بانہال کے لامبر گراؤنڈ لنگر مقام پر کیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق موسمی خرابی کے باعث روکے گئے یاتریوں کے لیے رہائش، کھانے، پینے کے صاف پانی، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات کا مکمل انتظام کیا گیا ہے۔دریں اثنا، جموں و کشمیر انتظامیہ نے خراب موسم کے باعث اتوار کو جاری امرناتھ یاترا کو پہلگام اور بالتل دونوں راستوں سے اگلے احکامات تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکام نے یاتریوں کی حفاظت کے پیش نظر جموں، ادھمپور اور رام بن سے آگے ٹریفک کی نقل و حرکت پر بھی عارضی پابندی عائد کر دی ہے اور موسم بہتر ہونے اور جموں۔ سرینگر قومی شاہراہ کو محفوظ قرار دیے جانے کے بعد ہی کشمیر کی جانب یاترا ٹریفک بحال کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے یاتریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ یاتری کیمپوں میں ہی قیام کریں اور یاترا دوبارہ شروع ہونے تک انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔