عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری اور پونچھ اضلاع میں مسلسل شدید بارشوں اور سیلاب جیسی صورتحال کے پیش نظر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو)، راجوری نے 24 جولائی 2026 تک ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔یونیورسٹی کے کنٹرولر آف ایگزامینیشنز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ موجودہ خراب موسمی حالات، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی اور خطے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق 24 جولائی 2026 تک مقرر تمام امتحانات اگلے احکامات تک ملتوی رہیں گے۔ ملتوی کیے گئے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں یونیورسٹی کے باضابطہ ذرائع سے کیا جائے گا۔یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ امتحانات سے متعلق تازہ ترین معلومات اور نئی تاریخوں کے لیے یونیورسٹی کی سرکاری ویب سائٹ اور دیگر سرکاری ذرائع پر مسلسل نظر رکھیں۔یونیورسٹی حکام نے کہا کہ موجودہ غیر معمولی موسمی صورتحال میں طلبہ کی حفاظت اور سلامتی اولین ترجیح ہے، اسی لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ راجوری اور پونچھ میں حالیہ شدید بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جس کے پیش نظر یہ اقدام ناگزیر سمجھا گیا۔