عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جمعرات کے روز بھگوتی نگر بیس کیمپ سے شری امرناتھ یاترا کے عقیدت مندوں کے پہلے قافلے کو مقدس گپھا کی جانب روانہ کیا۔
پہلے قافلے میں 4,822 یاتری 259 ہلکی اور بھاری گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ شری امرناتھ یاترا کے لیے روانہ ہوئے۔ اس موقع پر بالتال اور پہلگام کے دونوں بیس کیمپوں پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، مجموعی طور پر 2,510 یاتری روایتی پہلگام راستے سے سفر کر رہے ہیں، جبکہ 2,312 یاتریوں نے مختصر بالتال راستہ اختیار کیا ہے۔ پہلے قافلے میں 3,707 مرد یاتری، 816 خواتین، 16 بچے، 246 سادھو اور 37 سادھویاں شامل ہیں۔ قافلے میں 106 بسیں، 39 درمیانی موٹر گاڑیاں (ایم ایم وی)، 111 ہلکی موٹر گاڑیاں (ایل ایم وی) اور تین دو پہیہ گاڑیاں شامل ہیں۔
منوج سِنہا نے مقدس یاترا پر روانہ ہونے والے تمام یاتریوں کو نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ “شری امرناتھ جی یاترا ایک ایسا مقدس ذریعہ ہے جہاں عقیدت اور روحانی بیداری کا حسین امتزاج ہوتا ہے۔ میں تمام یاتریوں کے لیے محفوظ، آرام دہ، خوشگوار اور روحانی طور پر اطمینان بخش سفر کی دعا کرتا ہوں۔ یہ مقدس یاترا سب کے لیے بے پناہ خوشی اور الٰہی سکون کا باعث بنے۔”
انہوں نے کہا کہ یاتریوں کے لیے مناسب سیکیورٹی، طبی سہولیات، صفائی، رہائش اور دیگر تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔ جموں و کشمیر انتظامیہ، شری امرناتھ جی شرائن بورڈ، جموں و کشمیر پولیس، فوج، سیکورٹی فورسز، مقامی برادری اور دیگر متعلقہ اداروں نے ملک اور بیرونِ ملک سے آنے والے عقیدت مندوں کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔