عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ سرینگر کے علاقے رعنا واری سے تعلق رکھنے والا 35 سالہ شخص اتوار کی شام اپنے گھر میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہونے کے بعد پیر کے روز اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص اپنے گھر میں گھریلو کام انجام دے رہا تھا کہ اسی دوران اسے بجلی کا شدید جھٹکا لگا، جس کے نتیجے میں وہ بری طرح زخمی ہوگیا۔
واقعہ کے فوراً بعد اسے تشویشناک حالت میں ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں اس کا علاج جاری رہا، تاہم تمام تر طبی کوششوں کے باوجود وہ پیر کی صبح دم توڑ گیا۔
متوفی کی شناخت آصف احمد میر ولد فیاض احمد میر ساکن رعناواری کے طور پر ہوئی ہے۔
ادھر پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔