عظمیٰ ویب ڈیسک
گاندربل/جیشٹھ اشٹمی کے مبارک موقع پر پیر کے روز جموں و کشمیر اور ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے ہزاروں عقیدت مندوں نے گاندربل کے تولہ مولہ میں واقع مقدس کھیربھوانی مندر میں منعقد ہونے والے سالانہ کھیربھوانی میلہ میں شرکت کی۔عقیدت مند صبح سویرے ہی مندر پہنچنا شروع ہوگئے تھے تاکہ ماتا کھیربھوانی کے حضور حاضری دے کر دعائیں مانگ سکیں۔ مندر احاطہ میں عقیدت، روحانیت اور مذہبی جوش و خروش کا ماحول دیکھنے کو ملا۔
اس موقع پر ایک عقیدت مند آشیش نند بھٹ نے اپنی کشمیری شناخت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آبا و اجداد مقدس امرناتھ غار کے پجاری رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماتا کھیربھوانی کا آشیرواد حاصل کرنے اور امن و خوشحالی کے لیے دعا مانگنے یہاں آئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر گاندربل نے کہا کہ سالانہ میلہ مذہبی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ہر سال تاریخی تولہ مولہ زیارت گاہ پر منعقد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے میلہ کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے تھے۔
انہوں نے کہا، ’’ضلعی انتظامیہ اور گاندربل کے عوام کی جانب سے تمام عقیدت مندوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ زائرین کو محفوظ، آرام دہ اور روحانی طور پر خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔‘‘
ادھر انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر نے بھی اس موقع پر عقیدت مندوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار امن، بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور روحانی استحکام کو فروغ دے گا۔حکام کی جانب سے میلہ کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی، ٹریفک نظم و نسق، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی خدمات کے جامع انتظامات کیے گئے تھے۔
کھیر بھوانی میلہ میں ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت