عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 12ویں عالمی یومِ یوگا کی تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے مرکزی زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر کی قیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ڈل جھیل کے کنارے ہزاروں یوگا شائقین کے ساتھ ایک تاریخی یوگا سیشن میں حصہ لیا۔
شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے اس سال کے عالمی یومِ یوگا کے موضوع پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یوگا انسانیت کو ایک لڑی میں پروتا ہے اور ایک صحت مند، خوشحال اور متوازن مستقبل کی جانب رہنمائی کرتا ہے۔
منوج سنہا نے کہا کہ حقیقی صحت صرف جسمانی تندرستی کا نام نہیں بلکہ جسم، ذہن اور جذبات کے درمیان توازن قائم کرنے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کی مصروف زندگی، اسکرینوں اور ذہنی دباؤ نے انسان کی توجہ بیرونی دنیا کی طرف مرکوز کر دی ہے، جبکہ یوگا انسان کو اپنی ذات کے اندر جھانکنے اور خود شناسی کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوگا محض ایک جسمانی ورزش نہیں بلکہ خود کو پہچاننے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ روزمرہ زندگی کے شور و غل کے درمیان یوگا ذہن اور جسم میں ہم آہنگی پیدا کرتا ہے، انسان کو اپنے باطن کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے اور فطرت کے ساتھ اس کا تعلق مضبوط بناتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یوگا ذہنی چستی اور استحکام پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انسان کا ذہن اکثر ماضی کی پریشانیوں یا مستقبل کے خدشات میں الجھا رہتا ہے، لیکن یوگا حال میں جینے کا ہنر سکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مطالعات سے ثابت ہوا ہے کہ باقاعدگی سے یوگا کرنے سے یادداشت، ذہنی یکسوئی اور جذباتی توازن میں نمایاں بہتری آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اچھی صحت خریدی نہیں جا سکتی بلکہ اسے نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کے ذریعے حاصل کیا جاتا ہے۔ جس طرح ایک پودے کو روزانہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے، اسی طرح جسم اور ذہن کو بھی مسلسل توجہ اور نظم و ضبط درکار ہوتا ہے، اور یوگا اسی نظم و ضبط کا نام ہے۔
منوج سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں آج یوگا پوری دنیا میں مقبول ہو چکا ہے اور عالمی طبی ماہرین اسے ذہنی مضبوطی اور متوازن زندگی کے لیے ایک مؤثر ذریعہ قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ آیوش جموں و کشمیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ یوگا کو دیہی علاقوں سے لے کر شہری مراکز تک ہر شہری کی دسترس میں لانے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “منشیات سے پاک جموں و کشمیر” مہم میں بھی یوگا ایک مؤثر کردار ادا کر رہا ہے اور یہ نہ صرف منشیات کے استعمال کی روک تھام بلکہ بحالی کے عمل میں بھی مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ یوگا کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں کیونکہ روزانہ چند منٹ کی مشق طویل المدتی صحت کی ضمانت بن سکتی ہے۔
عالمی یومِ یوگا کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب کو بھی براہِ راست نشر کیا گیا۔
تقریب میں وزیر صحت و طبی تعلیم، اسکولی و اعلیٰ تعلیم اور سماجی بہبود سکینہ ایتو، چیف سیکریٹری اٹل ڈلو، ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات، مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران، نوجوانوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ڈل جھیل کے کنارے 12ویں عالمی یومِ یوگا کی تقریب کی قیادت کی، یوگا کو صحت مند اور خوشحال مستقبل کی ضمانت قرار دیا