عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ/جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے خانپورہ، بارہمولہ میں واقع عظیم صوفی بزرگ حضرت سید جانباز ولیؒ کے روحانی مزار کا دورہ کیا اور محکمہ آرکائیوز، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر جموں و کشمیر کی جانب سے جاری ہیریٹیج بحالی و تحفظ منصوبے کا موقع پر جائزہ لیا۔وقف بورڈ کے حکام کے مطابق یہ دورہ مقامی باشندوں اور عقیدت مندوں کی جانب سے بار بار پیش کی جانے والی درخواستوں کے بعد کیا گیا۔ ان درخواستوں میں اس بات پر تشویش ظاہر کی گئی تھی کہ بحالی منصوبے کے بعض اہم حصے شامل نہیں کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ معاملہ مسلسل چیئرپرسن کے علم میں لایا جا رہا تھا اور عوام ان کی ذاتی مداخلت کے ذریعے مسئلے کے حل کی خواہاں تھی۔
موقع پر تفصیلی معائنہ اور عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے اعلان کیا کہ مزار کے مرکزی حصے (سنکٹم) سمیت منصوبے کے تمام رہ جانے والے اجزاء کی از سرِ نو تعمیر اور دیگر ضروری ترقیاتی و تحفظاتی کام فوری طور پر جموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے انجام دیے جائیں گے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام کام مزار کے تقدس، تاریخی و ثقافتی ورثے اور مذہبی اہمیت کو برقرار رکھتے ہوئے انجام دیے جائیں گے، جبکہ تمام متعلقہ فریقوں کی توقعات اور خواہشات کا بھی خیال رکھا جائے گا۔
ڈاکٹر اندرابی کے اس اعلان کا عقیدت مندوں اور مقامی لوگوں نے بھرپور خیرمقدم کیا اور ان کی فوری اور فیصلہ کن مداخلت پر شکریہ ادا کیا۔ عوام نے اس فیصلے کو مذہبی ورثے کے تحفظ اور قیمتی روحانی اثاثوں کی نگہداشت کے حوالے سے ڈاکٹر درخشاں اندرابی کے غیر متزلزل عزم کا مظہر قرار دیا۔لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ اقدام عوام دوست، حساس اور دور اندیش سوچ کی عکاسی کرتا ہے، جو ایک طرف تاریخی ورثے کے تحفظ کے تقاضوں کو پورا کرتا ہے اور دوسری طرف عوامی توقعات کا بھی احترام کرتا ہے۔
اس سے قبل وقف بورڈ کی چیئرپرسن نے ضلع کمشنر آفس بارہمولہ میں اس منصوبے کے سلسلے میں ایک تفصیلی جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ سید الطاف حسین موسوی، ایگزیکٹو مجسٹریٹ جموں و کشمیر وقف بورڈ اشتیاق محی الدین، ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی ڈویژن بارہمولہ محمد یونس شاہ، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر محمد آثر، اسسٹنٹ انجینئر آصف خالق، وقف بورڈ کے ایگزیکٹو انجینئر انجینئر قاضی مشتاق، جونیئر انجینئر رحمت اللہ بھٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
بارہمولہ میں حضرت سید جانباز ولیؒ کے مزار کی از سرِ نو تعمیر کا کام وقف بورڈ انجام دے گا: ڈاکٹر درخشاں اندرابی