عظمیٰ ویب ڈیسک
کولہاپور/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اقتدار کے 12 سال آزاد ہندوستان کی تاریخ میں ایک اہم مقام رکھتے ہیں اور ان کا دور ایک مضبوط، خوداعتماد اور عالمی سطح پر باوقار بھارت کی تعمیر کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مہاراشٹر کے شہر کولہاپور میں دیوی امبابائی مندر کوریڈور منصوبےکے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ جب آزاد ہندوستان کی تاریخ لکھی جائے گی تو نریندر مودی کے 12 سالہ دور حکومت کا باب ’’سنہری حروف‘‘ میں درج کیا جائے گا کیونکہ اس عرصے میں بھارت نے ترقی، ثقافتی احیاء اور عالمی وقار کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت میں گزشتہ 12 برسوں کے دوران وہ کام بھی ممکن ہوئے جنہیں کبھی ناممکن سمجھا جاتا تھا۔ ان میں ایودھیا میں رام مندرکی تعمیر، کاشی وشوناتھ کوریڈورکی ازسرنو تعمیر، کیدارناتھ اور بدری ناتھ دھام کی ترقی، اور سومناتھو کاماکھیامندروں میں مختلف ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔امت شاہ نے کہا کہ ’’وکاس بھی، وراثت بھی‘‘ کے نظریے کے تحت ملک بھر میں ثقافتی نشاۃِ ثانیہ کا عمل جاری ہے اور امبابائی مندر کوریڈور منصوبہ بھی بھارت کی مذہبی و ثقافتی وراثت کے تحفظ کی ایک اہم کڑی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 500 کروڑ روپےکی لاگت سے بننے والا یہ منصوبہ 28,058 مربع میٹر رقبے پر محیط ہوگا، جس کے تحت ساتویں صدی کے اس تاریخی مندر کو جدید سہولیات سے آراستہ عالمی معیار کے زیارتی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔ منصوبے میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی سکیورٹی نظام، ایل ای ڈی روشنی، ہیریٹیج گیلریاں، لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو، کثیر المقاصد ہال اور دیگر سہولیات شامل ہوں گی۔
شاہ نے مزید کہا کہ مندر کے اطراف موجود 41 مندروں کے تحفظ و بحالی کا کام محکمہ آثارِ قدیمہ کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ انہوں نے اس منصوبے کے لیے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈےاور ریاستی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ’’جہاں ہماری تاریخ، مذہب اور ثقافت محفوظ ہیں، وہاں 1500 کروڑ روپے خرچ کرنا کوئی بڑی رقم نہیں۔ ایسے مقامات پورے ملک کو تحریک دیتے ہیں۔‘‘
امت شاہ نے دعویٰ کیا کہ نریندر مودی حال ہی میں ملک کے طویل ترین عرصے تک خدمات انجام دینے والے منتخب وزیر اعظم بنے ہیں اور ان کی قیادت میں بھارت نے انفراسٹرکچر، مینوفیکچرنگ، سیمی کنڈکٹرز، کوانٹم انجینئرنگ، سافٹ ویئر اور خلائی ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔چندریان-3مشن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب لوگ چاند کو بہت دور سمجھتے تھے، لیکن مودی کی قیادت میں بھارت نے چاند کے جنوبی قطب تک رسائی حاصل کی اور وہاں ’’شیو شکتی پوائنٹ‘‘ قائم کیا، جس پر ہر بھارتی کو فخر ہے۔سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ مغربی بنگال کے عوام نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پارٹی اس اعتماد پر پورا اترے گی۔ انہوں نے غیر قانونی دراندازوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر درانداز کی نشاندہی کر کے اسے ملک سے باہر نکالا جائے گا۔
انہوں نے شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرےپر بھی تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے ساتھ مل کر دراندازوں کو ووٹ بینک میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ امت شاہ نے کہا کہ ’’یہ ملک کوئی دھرم شالا نہیں ہے، یہاں صرف وہی لوگ رہیں گے جو اس ملک سے تعلق رکھتے ہیں۔‘‘مرکزی وزیر داخلہ کولہاپور میں مہالکشمی مندرکے گرد نئے پرادکشِنا مارگ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے کے لیے پہنچے تھے۔ انہوں نے مندر میں پوجا ادا کرنے کے بعد مختلف ترقیاتی و تحفظاتی منصوبوں کا افتتاح اور جائزہ بھی لیا۔حکام کے مطابق شری کر ویر نواسنی مہالکشمی امبابائی دیوستھان ایریا ڈیولپمنٹ پلان کے لیے ریاستی حکومت نے مجموعی طور پر1,445 کروڑ روپےمختص کیے ہیں، جس کا مقصد کولہاپور کی مذہبی، ثقافتی اور سیاحتی شناخت کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
مودی کے 12 سالہ دور نے بھارت کو نئی شناخت دی، تاریخ سنہری حروف میں یاد رکھے گی: امت شاہ