عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/کانگریس کی جانب سے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی اس وقت وادیٔ کشمیر کے دورے پر ہے اور پارٹی میں مبینہ بد نظمی و مخالف جماعت سرگرمیوں کے حوالے سے رہنماؤں سے فیڈبیک حاصل کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی ہفتہ کے روز سرینگر پہنچی تھی اور گزشتہ دو دنوں کے دوران اس نے متعدد سینئر کانگریسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی نے جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور رکن اسمبلی ڈورو غلام احمد میر، سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند اور سابق پی سی سی صدر وِقار رسول سے ملاقات کی۔
اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر غلام احمد میر نے کمیٹی سے اپنی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہائی کمان نے بعض رہنماؤں کی سرگرمیوں کا نوٹس لیا تھا، جس کے بعد یہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔
اتوار کے روز بھی کمیٹی نے اپنی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا اور کئی سابق و موجودہ اراکین اسمبلی سے تبادلۂ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی پینل آج بھی پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں جاری رکھے گا اور مختلف امور پر ان کی آراء حاصل کرے گا۔
واضح رہے کہ 12 جون کو کانگریس ہائی کمان نے جموں و کشمیر کانگریس یونٹ میں مبینہ بد نظمی اور پارٹی مخالف سرگرمیوں کی جانچ کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس کمیٹی میں شکتی سنگھ گوہل کو کنوینر جبکہ ڈاکٹر امر سنگھ اور رفیق خان کو اراکین کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
کشمیر وادی میں کانگریس کی تحقیقاتی کمیٹی متحرک، پارٹی رہنماؤں سے فیڈبیک حاصل کرنے کا سلسلہ جاری