عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کی مجلسِ انتظامیہ کا ایک اجلاس جامع مسجد سری نگر کے مرکزی دفتر میں صدرِ انجمن، میرواعظِ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں 27 مئی2026 بروز بدھ نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کے سلسلے میں انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں عید کی نماز اور متعلقہ دینی تقریبات اوراجتماعات کے پُرامن اور منظم انعقاد کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ ان شاء اللہ عیدالاضحیٰ کی نماز سنتِ نبویﷺ کے مطابق تاریخی عیدگاہ سرینگر میں صبح9:30بجے ادا کی جائے گی۔
جبکہ نمازِ عید سے قبل میرواعظِ کشمیر صبح8:30بجے عیدالاضحیٰ اور فلسفہ قربانی، اس کی روح اور اہمیت پر خصوصی خطاب کریں گے، جس میں اطاعت خداوندی، ایثار، ہمدردی اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے قربانی کے جذبے کو اجاگر کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران میرواعظِ کشمیر نے اوقاف عملے کو ہدایت دی کہ وہ عیدگاہ سری نگر میں ضروری انتظامات کے سلسلے میں وقف بورڈ کے ساتھ رابطہ قائم رکھیں اور ساتھ ہی سول انتظامیہ کے ساتھ بھی تال میل برقرار رکھیں تاکہ نمازِ عید خوش اسلوبی اور بغیر کسی رکاوٹ کے ادا کی جا سکے۔
میرواعظِ کشمیر نے عیدگاہ سری نگر کا دورہ بھی کیا اور وہاں کے انتظامات اور میدان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ اگر موسم سازگار رہا تو عیدگاہ میں نمازِ عید بخوبی ادا کی جا سکتی ہے۔
اوقاف نے امید ظاہر کی کہ حکام اس بار عیدگاہ سری نگر میں نمازِ عید کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے۔ اوقاف کے مطابق عیدگاہ کا میدان اس وقت اچھی حالت میں ہے اور نئے منبر و محراب کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے، لہٰذا نمازِ عید کے انعقاد میں رکاوٹ ڈالنے یا پابندی عائد کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
اوقاف نے مزید کہا کہ خراب موسمی حالات کی صورت میں نمازِ عید تاریخی جامع مسجد سرینگر میں مذکورہ وقت اور نظام کے تحت ادا کی جائے گی۔ تاہم اوقاف نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے انتظامیہ بارہا یہ روش اختیار کرتی رہی ہے کہ لوگوں کو آخری لمحے تک انتظار اور اضطراب میں رکھا جاتا ہے اور پھر نہ ہی عیدگاہ میں اور نہ ہی جامع مسجد میں نمازِ عید ادا کرنے کی اجازت دی جاتی ہے، جو عوام کے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچانے کے ساتھ ساتھ ان کے مذہبی حقوق اور آزادی میں کھلی مداخلت کے مترادف ہے۔
اوقاف نے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ اس عید پر ایسا رویہ اختیار نہیں کرے گی اور بغیر کسی ابہام یا آخری وقت کی غیر یقینی صورتحال پیدا کئے بغیر عیدگاہ میں نمازِ عید کی ادائیگی کی اجازت دی جائے گی۔
انجمن اوقاف کا عیدگاہ سری نگر میں صبح9:30بجے نمازِ عید ادا کرنے کا اعلان