عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے پیر کے روز کہا کہ نارکو ٹیرراور منشیات کی لت مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے، اور انتظامیہ اس ناسور کے مکمل خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھے گی۔بانڈی پورہ کے ایس کے اسٹیڈیم میں ’جموں کشمیر نشہ مُکت ابھیان‘ کے تحت منعقدہ پدیاترا سے خطاب کرتے ہوئے منوج سنہا نےکہا کہ پولیس اور انتظامیہ نے پورے خطے میں منشیات فروشوں اور ان کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔
انہوں نے اس مہم میں خواتین، طلبہ، سول سوسائٹی، این جی اوز، مذہبی رہنماؤں اور دیگر طبقات کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس خطرے کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ گزشتہ 45 دنوں کے دوران تقریباً 800 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جبکہ منشیات سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث قریب 950 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ PIT-NDPS ایکٹ کے تحت تقریباً 850 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’ہماری پولیس فورس منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے۔ ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے منسلک جائیدادیں ضبط کی جا رہی ہیں۔ ڈرائیونگ لائسنس اور پاسپورٹس بھی منسوخ کیے جا رہے ہیں۔‘‘منوج سنہا نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر میں نارکو ٹیرراور منشیات کی اسمگلنگ کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں ہوگی، اور سپلائی چین کو توڑنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے منشیات کے عادی نوجوانوں کی کونسلنگ اور بحالی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا، ’’نشے میں مبتلا نوجوان دراصل متاثرہ افراد ہیں، انہیں کونسلنگ اور بحالی کے ذریعے دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف لانا ضروری ہے۔ ہمیں اپنے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔‘‘منشیات اور ملی ٹینسی کے مبینہ تعلق کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم اکثر دہشت گرد نیٹ ورکس تک پہنچتی ہے، جس سے سکیورٹی صورتحال مزید خراب ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’ملی ٹینسی اور منشیات کی وجہ سے بے شمار خاندانوں نے ناقابلِ تلافی نقصان اٹھایا ہے، اسی لیے ہم جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انسدادِ منشیات مہم محض ایک مہم نہیں بلکہ ایک مشن ہے، اور عوام کی متحدہ شرکت کے ذریعے منشیات فروشی اور دہشت گردی دونوں کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں ایس کے اسٹیڈیم بانڈی پورہ میں منعقدہ پدیاترا میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔