عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے کی مہم “نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان” کے تحت سرینگر پولیس نے منشیات کے کاروبار کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے بدھ کے روز لال بازار پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں ہاکہ بازار، لال بازار میں ریاستی اراضی پر تعمیر ایک غیر قانونی دو منزلہ عمارت، ملحقہ کمرہ اور واش روم کو مسمار کر دیا۔
پولیس کے مطابق مسمار کی گئی جائیداد تقریباً 9 مرلہ اراضی پر مشتمل تھی جس کی مالیت قریب ڈیڑھ کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ یہ جائیداد مطلوب منشیات فروش ارشد احمد شیخ ولد ولی محمد شیخ ساکن ہاکہ بازار لال بازار سے منسلک پائی گئی، جو نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت درج متعدد مقدمات میں مطلوب ہے۔
ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 31/2025 زیر دفعات 8/21، 22 این ڈی پی ایس ایکٹ، پولیس اسٹیشن جانی پور جموں، ایف آئی آر نمبر 50/2025 زیر دفعات 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ، پولیس اسٹیشن لال بازار مقدمات درج ہیں۔
یہ انہدامی کارروائی ایگزیکٹو مجسٹریٹ خانیار اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے افسران کی موجودگی میں انجام دی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی گئی اور اس کا مقصد منشیات کے کاروبار سے کھڑی کی گئی غیر قانونی املاک اور مالیاتی نیٹ ورک کو ختم کرنا ہے۔
پولیس کے مطابق پورا آپریشن سخت نگرانی میں پُرامن طریقے سے مکمل کیا گیا۔
سرینگر پولیس نے معاشرے سے منشیات کے ناسور کے خاتمے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات فروشی یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق معلومات پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔
سرینگر پولیس نے منشیات فروش کی ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی غیر قانونی جائیداد مسمار کر دی