عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/ضلع اننت ناگ میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف جاری مہم کے تحت اننت ناگ پولیس نے بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے ہاکورہ اور روح علاقوں میں ایک نالہ سے غیر قانونی طور پر بجری نکالنے میں ملوث ایک جے سی بی مشین اور تین ٹریکٹروں کو ضبط کر لیا۔
پولیس کی جانب سے یہ کارروائی ایک خصوصی آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی، جس کے دوران مذکورہ گاڑیاں بغیر اجازت معدنیات نکالنے میں مصروف پائی گئیں۔ پولیس نے موقع پر ہی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی تقاضے پورے کرکے تمام گاڑیوں کو ضبط کر لیا۔
پولیس کے مطابق معاملے میں متعلقہ قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اننت ناگ پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غیر قانونی کانکنی کے خلاف مہم آئندہ بھی جاری رہے گی کیونکہ ایسی سرگرمیاں ماحولیات اور عوامی وسائل کے لیے سنگین خطرہ بن رہی ہیں۔
ضلع اننت ناگ میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف پولیس کی بڑی کارروائی، ایک جے سی بی اور تین ٹریکٹر ضبط