عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر سید قمر سجاد نے کہا ہے کہ انڈین گالف کارنیوال 2026کو جموں و کشمیر میں گالف سیاحت کو بحال کرنے اور وسعت دینے کے لیے ایک ’’آئس بریکنگ ایونٹ‘‘کے طور پر منعقد کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس ایونٹ میں 110سے زائد گالفرز نے شرکت کی، جن میں تقریباً 80 کھلاڑی یونین ٹیریٹری سے باہر کے تھے۔ سید قمر سجاد نے کہا کہ گالفرز کی بڑی تعداد میں شرکت کشمیر کے گالف ٹورازم سیکٹر میں بڑھتی ہوئی قومی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکشمیر میں گالف کے چند بہترین اور قدیم ترین کورسز موجود ہیں، جن میں گلمرگ، پہلگام اور سری نگر شامل ہیں۔ ہمارا مقصد گالف سیاحت کو نئی زندگی دینا اور اسے نئی رفتار فراہم کرنا ہے۔ڈائریکٹر ٹورازم نے مزید کہا کہ محکمہ آنے والے مہینوں میں مزید گالف ایونٹس منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جن میں پہلگام میں جونیئر گالف کارنیوال اور جون میں چیمبرز آف کامرس کے اشتراک سے ایک بڑا گالف ٹورنامنٹ شامل ہے۔
انہوں نے سیاحتی ڈھانچے کی بہتری کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ وادی بھر میں موجود سیاحتی اثاثوں کی تزئین و آرائش اور جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔انہوں نے کہاجب آپ باہر سے سیاحوں اور گالفرز کو مدعو کرتے ہیں تو ہوٹلوں، ٹرانسپورٹ اور دیگر سیاحتی سہولیات سمیت تمام شعبوں میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا ضروری ہو جاتا ہے۔
کشمیر میں گالف سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مزید ایونٹس منعقد ہوں گے:ڈائریکٹر ٹورازم سید قمر سجاد