عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/انتظامیہ نے جمعرات کے روز یہاں مبینہ منشیات فروشوں سے تعلق رکھنے والے تین مکانات کو منہدم کر دیا۔بھاری تعداد میں پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی تعیناتی کے درمیان راجیو نگر علاقے میں ان عمارتوں کو گرایا گیا جو مبینہ طور پر منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ رقم سے تعمیر کی گئی تھیں۔
ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ کارروائی علاقے میں بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاہم نے دو سے تین ماہ قبل بھی یہاں اسی نوعیت کی کارروائی کی تھی۔ اس کے بعد مزید کچھ منشیات فروشوں کی نشاندہی ہوئی ہے جو اس وقت مفرور ہیں۔ آج ان غیر قانونی ڈھانچوں کو منہدم کیا جا رہا ہے جو منشیات کے کاروبار سے کمائی گئی رقم سے تعمیر کیے گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہامنشیات سے متعلق سرگرمیاں ہمارے معاشرے کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور ہمارے بچوں کو تباہ کر رہی ہیں۔ ہم نوجوانوں کو کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں میں مشغول کرنا چاہتے ہیں۔ یہ اقدام ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ہمارے کردار کا حصہ ہے۔حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقے میں منشیات کے نیٹ ورک اور ان کے اثاثوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔