جاوید اقبال
مینڈھر//’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کے تحت جاری مہم کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن مینڈھر نے ڈرگ کنٹرول آفیسر اور ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے ہمراہ سنگلہ اور آڈی علاقوں میں مختلف میڈیکل دکانوں کا مشترکہ معائنہ کیا۔ اس کارروائی کا مقصد ادویات کی فروخت سے متعلق مقررہ قوانین اور ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا تھا۔معائنہ کے دوران اشوانی میڈیکل شاپ سنگلہ، شفیق میڈیکل ہال سنگلہ اور ایم/ایس واجد میڈیکوز آری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ٹیم نے دکانوں میں فروخت کے ریکارڈ، کمپیوٹرائزڈ بلنگ سسٹم اور سی سی ٹی وی نگرانی کے انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو روکا جا سکے۔حکام کے مطابق جانچ کے دوران ایم/ایس واجد میڈیکوز، آڈی کو مقررہ اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا۔
اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایگزیکٹو مجسٹریٹ نے ڈرگ کنٹرول آفیسر کی موجودگی میں موقع پر ہی دکان کو سیل کر دیا۔ اس اقدام کو منشیات کے غلط استعمال اور غیر قانونی ادویات کی فروخت کے خلاف ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔پولیس حکام نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ نوجوانوں کو نشہ آور ادویات کے خطرناک اثرات سے بچایا جا سکے اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت میں قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ضلع پولیس پونچھ نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے تعاون سے ادویات کے غلط استعمال اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا غیر قانونی فروخت کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں، تاکہ ایک صحت مند اور محفوظ معاشرہ قائم کیا جا سکے۔