سمت بھارگو
راجوری// حالیہ تباہ کن سیلاب اور موسلادھار بارشوں کے بعد راجوری اور پونچھ اضلاع میں بجلی کی بحالی انتظامیہ اور محکمہ بجلی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچنے کے باعث متعدد علاقوں میں گزشتہ تین روز سے بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔سب سے زیادہ متاثر ضلع پونچھ ہے، جہاں پورا ضلع مسلسل بلیک آؤٹ کا شکار ہے۔ محکمہ بجلی کے مطابق راجوری ضلع کے تھنہ منڈی علاقے میں پونچھ کو بجلی فراہم کرنے والی 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کا ایک اہم ٹاور سیلاب کے باعث منہدم ہو گیا، جبکہ اسی علاقے میں تین دیگر ٹرانسمیشن ٹاور بھی جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
اس نقصان کے نتیجے میں ضلع پونچھ کی بجلی مکمل طور پر منقطع ہو گئی۔محکمہ بجلی کے حکام نے بتایا کہ متاثرہ ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کے لیے جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ انجینئرز اور تکنیکی عملہ خراب شدہ لائن کے متبادل کے طور پر بائی پاس نظام تیار کر رہا ہے، جسے منگل کی شام تک مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق اگر موسمی حالات سازگار رہے تو پونچھ میں بجلی کی فراہمی منگل اور بدھ کی درمیانی شب یا بدھ کی صبح تک بحال ہونے کا امکان ہے۔ادھر ضلع راجوری کے کئی علاقے بھی گزشتہ تین دن سے بجلی سے محروم ہیں۔ تھنہ منڈی، منجاکوٹ اور دسال سمیت متعدد فیڈروں کو شدید نقصان پہنچنے سے درجنوں دیہات میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ بجلی کے مطابق راجوری گرڈ اسٹیشن سے منجاکوٹ جانے والے مرکزی فیڈر کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے، جو راستے میں آنے والے متعدد علاقوں کو بجلی فراہم کرتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ سیلاب کے دوران بدالہ مانگ کے مقام پر اس اہم فیڈر کے ایک درجن سے زائد بجلی کے کھمبے بہہ گئے تھے۔ محکمہ نے نئے کھمبے نصب کر دیے ہیں اور بجلی کے نیٹ ورک کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، تاہم مسلسل بارش کے باعث تاریں اور کیبل بچھانے کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔ توقع ہے کہ باقی ماندہ کام بدھ کے روز مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے بتایا کہ حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ضلع بھر میں 53 بجلی فیڈر متاثر ہوئے تھے۔ ان میں سے پیر کی شام تک 3 فیڈر اور 20 ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر بحال کر دیے گئے تھے، جبکہ منگل کو مزید 3 فیڈر فعال کیے گئے اور تقریباً 2 ہزار ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر بحال کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ فیڈروں کی بحالی کے لیے بھی تیز رفتاری سے کام جاری ہے تاکہ جلد از جلد تمام علاقوں میں بجلی کی سپلائی معمول پر لائی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ضروری بنیادی سہولیات کی بحالی کے عمل کی نگرانی کے لیے چیف پلاننگ آفیسر (سی پی او) راجوری کو نوڈل افسر مقرر کیا گیا ہے، جو مختلف محکموں کے درمیان تال میل قائم رکھتے ہوئے بحالی کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔