عشرت حسین بٹ
پونچھ// مسلسل پانچ روز سے شدید بارش کی وجہ سے ضلع پونچھ کے متعدد علاقوں میں جہاں مالی اور جانی نقصان اٹھانا پڑا وہیں پر ضلع کے بجلی نظام کو بھی بہت بڑا نقصان پہنچا ہے ،ڈی کے جی سے لیکر لورن ساوجیاں تک بہت سارے بجلی کھمبے اور ترسیلی لائنیں زمین بوس ہوگیں ہیں ۔
گزشتہ پانچ روز سے پورے ضلع پونچھ میں اندھیر پھیل گیا ہے وہیں محکمہ کی جانب سے نامسائد موسمی صورت حال کے بیچ بھی ضلع بھر کے بجلی نظام کو دوبارہ سے بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔محکمہ بجلی کے ایگزکٹیو انجینئر پونچھ آفتاب احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ راجوری اور تھنہ منڈی کے بیچ بہروٹ کے مقام پر 132کے وی لائن کے دو ٹاورز شدید اور طوفانی بارش کی وجہ سے گر گئے ہیں جن ٹاورز کی مدد سے ضلع پونچھ تک بجلی پہنچتی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ ان دونوں اہم ٹاوروں پر جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے ،انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آج بعد دوپہر تکنیکی کام مکمل کیا جاہے گا۔ آفتاب احمد کا کہنا تھا کہ ضلع کے اندرونی متعدد علاقوںمیں بھی بجلی کے کھمبوں اور ترسیلوں کو بھی بہت نقصان ہوا تھا جن پر کام مکمل ہو چکا ہے ،ضلع میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو بہت زیادہ مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے اور عوام نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ بہت جلد ضلع میں بجلی نظام بحال کیا جائے گا تاکہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
شدید بارشوں کے باعث پانچ روز سے ضلع پونچھ کا بجلی سپلائی بند ، بہت جلد بجلی بحال ہونے کی امید:ایگزکٹیو انجینئر