عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وادی کشمیر میں مسلسل بارشوں کے پیش نظر محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول نے عوام کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے جہلم مختلف پیمائشی مقامات پر وارننگ اور خطرے کی سطح سے کافی نیچے بہہ رہا ہے، لہٰذا گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔محکمہ کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ رام منشی باغ میں دریائے جہلم کی سطح آب 7.91 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ سنگم میں یہ سطح 5.54 فٹ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رام منشی باغ میں وارننگ لیول 18 فٹ اور خطرے کی سطح 21 فٹ مقرر ہے، جبکہ سنگم میں وارننگ لیول 21 فٹ اور خطرے کی سطح 25 فٹ ہے۔ ان اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ دریائے جہلم اس وقت سیلابی خطرے کی حد سے کافی نیچے بہہ رہا ہے۔
افسر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور غیر ضروری خوف و ہراس سے گریز کریں۔ انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ پانی کی سطح اور سیلاب سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کے لیے ’’کشمیر فلڈ واچ‘‘ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، جہاں ریئل ٹائم اپ ڈیٹس دستیاب ہیں۔
مسلسل بارشوں کے باوجود دریائے جہلم خطرے کی سطح سے کافی نیچے، گھبرانے کی ضرورت نہیں: محکمہ فلڈ کنٹرول