عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے متعدد ارکان اسمبلی، وفود اور عام شہریوں نے ملاقات کر کے اپنے اپنے علاقوں اور شعبوں سے متعلق مسائل ان کے سامنے پیش کیے، جس پر انہوں نے تمام جائز مطالبات کو مقررہ وقت میں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات کرنے والوں میں سابق وزیر اور رکن اسمبلی عبدالمجید وانی اور سابق رکن اسمبلی چمن لال شامل تھے، جنہوں نے ضلع رام بن سے متعلق اہم مسائل کو اجاگر کیا اور فوری توجہ دینے کی درخواست کی۔ اسی دوران انڈین انسٹی ٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس، جموں و کشمیر چیپٹر کے ایک وفد نے، جس کی قیادت چیئرمین وکاس دوبے کر رہے تھے، حالیہ یونائیفائیڈ بلڈنگ بائی لاز میں کی گئی ترامیم کے حوالے سے پیدا ہونے والے مسائل سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔جموں یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر رویندر سنگھ کی قیادت میں ایک وفد نے تدریسی برادری کو درپیش مسائل پیش کیے اور ان کے حل کے لیے حکومتی مداخلت کی درخواست کی۔اس کے علاوہ متعدد افراد نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کر کے اپنے ذاتی اور عوامی نوعیت کے مسائل پیش کیے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے تمام وفود اور افراد کی بات غور سے سنی اور یقین دلایا کہ تمام حقیقی اور جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔