محمد بشارت
کوٹرنکہ//محکمہ پی ایم جی ایس وائی سب ڈیژون بدھل کی سڑکوں کی خستہ حالی عوام کے لیے مصبیت کا باعث بنی ہے ۔زیرہ موڑ سے گونڈی جانے والی سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ راہگیروںو ٹرانسپوٹروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے سڑک کے سدھار کو لیکر کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ہیں۔پنچایت حلقہ گونڈی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے نصیب سنگھ کی قیادت میں اے ڈی سی کوٹرنکہ سے ملاقات کی ۔وفد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ دلمیر چوہدری کو بتایا کہ آج بھی وہ زمانہ قدیم کی طرز پر زندگی بسر کرتے ہیں اورسڑکوں کے ساتھ ساتھ طبی وتعلیمی نظام بھی خستہ حالی کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع راجوری کے بلاک خواص کو ملکی سطح پر ایسپریشنل بلاک کے تحت 5واں نمبر حاصل ہے تا ہم زمینی سطح پر سدھار کے بجائے کاغذوں میں سدھار ہوا ہوگا جسکے چرچے پرنٹ میڈیا، الیکٹرنک و سماجی رابطہ سائٹ پر خوب کیے جا رہے ہیں۔ لوگوں نے اے ڈی سی کو کہا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے متعلقہ آفیسران کو جوابدہ بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حفاظتی باندھ نہ ہونے کی وجہ سے سڑک سیلابی شکل اختیار کر لیتی ہے اور ڈنگے نہ ہونے کی وجہ سے بھی سلایڈینگ ہوتی ہے اور سڑک کا سارا پانی لوگوں کی زمینوں اور مکانوں میں داخل ہو جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گونڈی علاقہ صدر مقام سے کٹ کر رہ جاتا ہے ۔وفد نے وزیرا علیٰ و ایم ایل اے بدھل جاوید اقبال چوہدری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ تمام تر بنیادی سہولیات کی مشکلات سے جھوج رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو احکامات صادر کیے جائیں اور اس علاقہ کی طرف توجہ مرکوز کروائی جائے جبکہ اس سڑک کی حالت زار کو بہتر بنایا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔