عظمیٰ نیوزسروس
جموں//بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری ترن چگ نے ہفتے کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں خواتین کی بااختیاری بھارت کی حکمرانی اور ترقیاتی پالیسیوں کا مرکزی ستون بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے خواتین کی بااختیاری کو محض ایک نعرہ نہیں رہنے دیا بلکہ اسے مضبوط پالیسیوں، فلاحی اسکیموں اور سماجی و معاشی اصلاحات کے ذریعے ایک منظم قومی مشن کی شکل دی ہے۔ترن چْگ نے کہا کہ مرکزی بجٹ 2026-27میں خواتین کی تعلیم، ہنر مندی، کاروباری مواقع اور فلاحی اسکیموں پر خصوصی زور دیا گیا ہے، خصوصاً دیہی اور سرحدی علاقوں کی خواتین کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں لڑکیوں کے لیے نئے ہاسٹل، ٹیکنیکل ایجوکیشن میں خصوصی اسکالرشپس اور خواتین انٹرپرینیورز کو مالی معاونت جیسے اقدامات نوجوان لڑکیوں کو خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370کی منسوخی جموں و کشمیر کی خواتین کے لیے تاریخی فیصلہ ثابت ہوا ہے، کیونکہ گزشتہ کئی دہائیوں تک خواتین کئی آئینی اور قانونی حقوق سے محروم تھیں۔ اب جموں و کشمیر کی خواتین کو برابر کی جائداد کے حقوق حاصل ہیں اور گھریلو تشدد، جہیز اور کام کی جگہ پر ہراسانی کے خلاف مرکزی قوانین کے تحت مکمل قانونی تحفظ حاصل ہے۔ چگ نے کہا کہ جن دھن یوجنا، آیوشمان بھارت، پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا جیسی سکیموں نے خواتین کی معاشی اور صحت سے متعلق سلامتی کو مضبوط کیا ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ جموں و کشمیر کی خواتین وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ایک خوشحال، پْرامن اور خود کفیل بھارت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریں گی۔