عظمیٰ ویب ڈیسک
شملہ/چمبا/جموں و کشمیر کے پڑوسی ضلع کشتواڑ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد چمبا ضلع کی سرحدیں سیل کر دی گئی ہیں۔سرحدوں پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔چمبا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے ضلع کی سرحدوں پر تعینات سکیورٹی فورسز کو گشت بڑھانے اور کسی بھی مشکوک چیز نظر آنے پر فوراً سینئر افسران کو اطلاع دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ڈوڈہ-کشتواڑ کے راستے جموں سے آنے والی گاڑیوں کی بھی سخت جانچ کی جا رہی ہے۔ چمبا ضلع کی تقریباً 216 کلومیٹر طویل سرحد جموں و کشمیر کے حساس اضلاع ڈوڈہ اور کٹھوعہ سے ملتی ہے۔اتوار کو کشتواڑ میں دہشت گرد حملہ کرنے کے بعد تین دہشت گرد فرار ہو گئے۔ فوج اور سکیورٹی ایجنسیاں ان کی تلاش میں ہائی الرٹ پر ہیں۔چمبا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ وجے سکالانی نے بتایا کہ کشتواڑ میں ہوئی دہشت گردانہ واردات کے پیش نظر ضلع کی سرحدوں کو سیل کرنے اور سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔