محمد تسکین
بانہال/ بانہال کے گاؤں کسکوٹ سے تعلق رکھنے والی نامور صحافی عارف وحید کی صاحبزادی صبحت وحیدنے دسویں جماعت کے امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 99.2 فیصد نمبرات حاصل کر کے نہ صرف ضلع رامبن میں پہلی پوزیشن حاصل کی بلکہ ونٹر زون صوبہ جموں میں دوسری پوزیشن بھی اپنے نام کر لی۔ اس کامیابی نے بانہال اور پورے ضلع رامبن کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
صبحت وحید نے اپنی ابتدائی اور مڈل تعلیم شاہ اسرار اسکول کسکوٹ میں جماعت اول سے آٹھویں تک حاصل کی، جبکہ جماعت نہم اور دہم کی تعلیم گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول بانہال سے مکمل کی۔ تعلیمی سفر کے دوران انہوں نے غیر معمولی محنت، یکسوئی اور خود اعتمادی کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور ثبوت دیا۔
اہم بات یہ ہے کہ صبحت وحید نے کسی بھی قسم کی پرائیویٹ ٹیوشن حاصل نہیں کی بلکہ مکمل طور پر اسکول کی تدریس اور اپنی ذاتی محنت پر انحصار کیا۔ روزانہ دو سے تین گھنٹے باقاعدہ مطالعہ ان کا معمول رہا، جو ان کی شاندار کامیابی کی بنیاد بنا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق صبحت کی تعلیمی کامیابی میں ان کی والدہ کا کردار نہایت اہم رہا، جنہوں نے ابتدا ہی سے رہنمائی، حوصلہ افزائی اور مضبوط تعلیمی بنیاد فراہم کی۔
گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول بانہال کی انتظامیہ نے اس کامیابی کو مثبت اور منظم تعلیمی ماحول کا نتیجہ قرار دیا، جو پرنسپل شبیر احمد تانترے کی نگرانی میں قائم کیا گیا۔ ان کی قیادت میں نصاب کی بروقت تکمیل، اساتذہ کی مؤثر رہنمائی اور طالبات پر خصوصی توجہ نے تعلیمی معیار کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
صبحت کے والد عارف وحید نے اپنی بیٹی کی کامیابی کو اس کی مسلسل محنت، لگن، والدین، اساتذہ اور اہلِ خانہ کے تعاون کا ثمر قرار دیا۔ اس نمایاں کامیابی پر مقامی عوام، اساتذہ، صحافی برادری اور سماجی کارکنوں نے صبحت وحید کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور اسے بالخصوص سرکاری اسکولوں میں زیرِ تعلیم طالبات کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ صبحت وحید کی کامیابی اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ اگر درست رہنمائی، محنت اور سازگار تعلیمی ماحول میسر ہو تو سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ بھی اعلیٰ ترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔
بانہال کی ہونہار بیٹی صبحت وحید نے تاریخ رقم کر دی، 99.2 فیصد نمبروں کے ساتھ ونٹر زون جموں میں دوسری پوزیشن حاصل