جموں//صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرو ل کے وزیر شیام لال چودھری نے کل قانون ساز اسمبلی میں ڈاکٹر گگن بھگت کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اس وقت ریاست میں 51.73لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کررہا ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ 15958دیہی بستیوں میں سے 8930 کو 40 ایل پی سی ڈی کے دائرے میں لایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے پچھلے دو برسوں کے دوران 369.57 کروڑ روپے کی لاگت سے 167واٹر سپلائی سکیمیں ہاتھ میں لیں جو تکمیل کے مختلف مراحل سے گزر رہی ہیں۔دریں اثنا ایڈوکیٹ محمد یوسف بٹ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت نے شاہ کول کو ضلع آبپاشی پلان شوپیاں کے تحت بڑھاوادینے کا منصوبہ مرتب کیا ہے جس پر 13.68کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سدھو کول اور چوٹی پور ہ کول کے تازہ ڈی پی آر تیار کئے گئے ہیں ۔