جموں//جموں میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر71 کے نکی محلہ کے عوام ایک عرصہ سے متعدد مسائل سے دوچار ہیں جن میں پینے کے پانی کی کمی، سڑکوں کی خستہ حالت،صحت و صفائی کا فقدان وغیرہ شامل ہے۔ان مسائل کے ازالہ کے لئے متعلقہ حکام سے بھی کئی بار استدعا کی گئی اور اخبار ہذا میں بھی ان عوامی مسائل کو اجاگر کیا گیامگر اس وقت تک کئی شنوائی نہیں ہوئی اور عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ صحت وصفائی سے متعلق کئی پروگرام اور تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں سوچھ بھارت اور دیگر پروگرام شامل ہیں تقریباََ ایک سال کاعرصہ ہونے کو آرہا ہے کیا مجال اس علاقہ کی جانب کوئی صفائی کرمچاری یا دیگر کوئی اہلکار آنے کی زحمت گوارہ کرے۔نالیوں میں کوڑاکرکٹ اور گندگی کے ڈھیر پڑے ہوئے ہیں محلے میں چاروں طرف بدبو کا عالم ہے لوگوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے وبائی بیماریاں پھیلنے کا خطرہ بن گیا ہے۔ مگر میونسپل حکام ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں۔اس محلے کی سڑکوں کا اگر ذکر کیا جائے توحالت قابل رحم ہے ان سڑکو ں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ ہم ریاست کے کسی پسماندہ ترین گائو ں میں آگئے ہیں۔ جگہ جگہ کھڈے پڑے ہوئے ہیں ۔راہ چلنا دشوار بن گیاہے۔خاص طور پر بارش کے موسم میں تو ان سڑکوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے ان سڑکوں سے گزرنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔اس محلہ کے عوام جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ذاتی طور پر اس محلہ کا دورہ کریں تاکہ وہ بشم خود اس محلے کی حالت زار دیکھ سکھیں۔محلہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر اس محلے کے عوامی مسائل کی جانب فوری طور پر توجہ نہ دی گئی تو وہ ٹریفک جام ، احتجاج وغیرہ جیسے قدم اٹھانے کے لئے مجبور ہو جائیں گے کیونکہ کیا خوب محاورہ ہے ، تنگ آمد بہ جنگ آمد، اس لئے اب بھی وقت ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے اہلکار خواب غفلت سے بیدار ہوںاس محلے کے عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ کریں۔