بھیم سنگھ کا پاکستانی فائرنگ روکنے کیلئے سلامتی کونسل کومکتوب
جموں//جموں و کشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری جنرل اٹونیو گوئترس کو ہند۔پاک بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فائرنگ سے جموں و کشمیر میں پیدا ہوئی صورتحال پر خط لکھا ہے۔ انہوں نے خط میں لکھا کہ پنتھرس پارٹی بین الاقوامی امن اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے ہدف اور مقاصد کے لئے عہدبند ہے اور ریاست میں امن چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میںجموں و کشمیر کا سابق رکن اسمبلی ہوں، جو 26 اکتوبر، 1947 کو برطانوی پارلیمنٹ کی طرف سے مقرر قانون کے مطابق ہندستانی یونین سے جڑا تھا۔جموں و کشمیر کی پاکستان کے ساتھ 170 کلومیٹر بین الاقوامی سرحد ہے جو پاکستان کی جانب سے جارحیت کا سامنا کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ کا رکن پاکستان بین الاقوامی سرحد اور بین الاقوامی قوانین کی سخت خلاف ورزی کر رہا ہے۔ جموں و کشمیر کے سرحدی گاووں کے تقریبا 50 ہزار باشندوں کو اپنے گھر خالی کرنے کے لئے مجبور کیا گیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے فائرنگ سے کئی معصوم باشندوں کی موت ہو گئی ہے۔انہوں نے خط میں لکھا کہ میں ہندوستانی شہری کے طور پر جموں و کشمیر ریاست کا باشندہ ہوں، پاکستان کی جانب سے اس طرح کی غیر قانونی جارحیت سے میں ذاتی طور پر متاثر ہوا ہوں، جو اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے خط میں جموں علاقے (جموں و کشمیر ریاست) میں بین الاقوامی سرحدوں پر پاکستانی فائرنگ سے موت اور تباہی سے گاؤں کے معصوم لوگوں کو بچانے کے لئے فوری طور مداخلت کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا۔انہوں نے خط میں جموں و کشمیر میں پیدا ہوئی صورتحال میں فوری طورپر مداخلت کرنے کی درخواست کی ۔
نیشنل پنتھرس پارٹی خواتین ونگ کااجلاس
کٹرہہسپتال میں نرس کی ہلاکت کی جوڈیشل تحقیقات کامطالبہ
جموں//جموں کشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی خواتین ونگ کااجلاس یہاں پارٹی کی جنرل سیکریٹری انیتاٹھاکورکی صدارت میں منعقدہوا۔اس دوران میٹنگ میں دفاترمیں کام کرنے والی خواتین کے عدم تحفظ سے متعلق تشویش کااظہارکیاگیااورکٹرہ کے ایک ہسپتال میں ایک نرس کی گلاکاٹ کرکئے گئے بیمہانہ قتل کی شدیدمذمت کی۔ انیتاٹھاکورنے شری ماتاویشنودیوی ہسپتال کٹرہ میں ایک نرس کے بیہمانہ قتل پرگہری تشویش ظاہرکی ۔وومن کمیٹی نیشنل پنتھرس پارٹی نے میٹنگ کے دوران ایک قرارداد پاس کرکے نرس کے قتل کی جوڈیشل تحقیقات کامطالبہ کیااورمانگ کی کہ اس قتل کے ملزم کوسخت سے سخت سزادینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔اس دوران انیتاٹھاکورنے کہاکہ اس سلسلے میں ایک ری پرزنٹیشن ریاستی گورنراین این ووہرہ جوشری ماتاویشنودیوی شرائن بورڈکے چیئرمین بھی ہیں کوبھیجی گئی ہے تاکہ نرس کے ملزم کوکیفرکردارتک پہنچایاجاسکے۔
ایل سی پینل نے دیہی ترقی محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا
سرینگر /ریاستی قانون ساز کونسل کی ڈیپارٹمنٹ ریلٹیڈ سٹینڈنگ کمیٹی نے ایک میٹنگ کے دوران دیہی ترقی محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا ۔ میٹنگ ایم ایل سی نریش کمار گپتا کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں محکمہ کے سیکرٹری شیتل نندا اور ایڈیشنل سیکرٹری راکیش کمار کے علاوہ دیگر کئی افسران بھی موجودتھے۔محکمہ کے سیکرٹری نے کمیٹی کے ممبران کو محکمہ کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔میٹنگ دیہی ترقی محکمہ کی مختلف سکیموں ی عمل آوری کے علاوہ محکمہ کے لئے بجٹ کی تفویض اور اخراجات کے معاملات پر سیر حاصل بحث کی گئی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ سوچھ بھارت مشن کے تحت او ڈی ایف کے اہداف کے مقابلے میں 80 فیصد حصولیابی کی گئی ہے جبکہ کشمیر اور لداخ سمیت 5 اضلاع کوکھلے میں رفع حاجت بشری سے پاک قرار دیا گیا ہے۔کمیٹی کے چیئرمین نے اس سلسلے میں افسران کو ایک پاور پوائنٹ پریذنٹیشن تیار کرنے کی ہدایت دی۔اس سلسلے میں کمیٹی ممبران نے محکمہ کے عہدے داروں سے تجاویز بھی طلب کیں۔میٹنگ میں انٹی گریٹیڈ واٹر شیڈ منیجمنٹ پروگرام اور پردھان منتری آواس یوجنا کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ کے حکام نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ سال 2017-18 کے دوران ایم جی نریگا کے تحت 1208.5 کروڑ روپے خرچ کئے گئے جبکہ 6.99 لاکھ کنبے مستفید ہوئے ۔ کمیٹی نے دیہی ترقی محکمہ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سٹیٹ فارسٹ آفیسرس ایسو سی ایشن کاوفدراجیوجسروٹیہ سے ملاقی
سرینگر /سٹیٹ فارسٹ آفیسرس ایسو سی ایشن کی ایک ڈلی گیشن یہاں جنگلات وماحولیات کے وزیر راجیو جسروٹیہ سے ملاقی ہوئی اور انہیں عرصہ دراز سے التوا میں پڑے مطالبات کی فہرست پیش کی۔ڈیلی گیشن جس کی قیادت منشی اقبال کر رہے تھے نے ریاستی محکمہ جنگلات میں ملازمین کے مسائل سے وزیر کو واقف کرایا۔ وزیر نے ڈیلی گیشن کے مطالبات بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے مطالبات مرحلہ وار طریقے پر پورے کرے گی۔انہوں نے کمشنر سیکرٹری محکمہ جنگلات کو ہدایت دی کہ وہ ریکروٹمنٹ رولز پر نظر ثانی کریں اور ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا انعقاد کر کے ملازمین کے مسائل حل کریں۔ایسو سی ایشن نے وزیر موصوف کا شکریہ ادا کیاکہ انہوںنے ان کے مطالبات بغور سنے اور ملازمین دوست اقدامات کرنے کا یقین دلایا۔
این سی ڈی سی کے تحت کسان دوست پروجیکٹ ترتیب دیئے جائیں:دورجے
کرگل /امداد ِ باہمی اور امور لداخ کے وزیر چیرنگ دورجے کہا کہ موجودہ حکومت لداخ خطے میں امدادِ باہمی سیکٹر کو مستحکم کرنے کے لئے وعدہ بند ہے ۔ اس سلسلے میں کسانوں کو بھرپور امداد فراہم کرنے کے لئے کئی منافع بخش سکیمیں متعارف کی گئی ہیں۔ ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے یہاں بارو کانفرنس ہا ل میں منعقدہ افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں این سی ڈی سی کے تحت تشکیل دئیے جارہے پروجیکٹوں پر غور وخوض کیا گیا ۔چیئرمین اور سی ای سی کرگل کاچو احمد علی خان ، ڈپٹی کمشنرکرگل وِکاس کنڈل کے علاوہ متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت کسانوں کی خوشحالی یقینی بنانے کے لئے زرعی خدمات میں اعلیٰ معیار قائم کرنے کی خواہاں ہے اور ضلع میں این سی ڈی سی پروجیکٹوں پر عمل آوری جلد ی شروع کی جائے گی۔وزیر نے مزید کہا کہ این سی ڈی سی کے تحت رقومات کی دستیابی میں کوئی مشکل نہیں ۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پالی کاربورنیٹ شیٹ گرین ہاوسز ، کولڈ سٹورایجز ، ملک پروسسنگ یونٹ، پشمینہ گوٹ ریرنگ یونٹ ، فشریز یونٹ و دیگر تجارتی یونٹ قائم کرنے کے لئے تجاویز تشکیل دیں۔
اشوک کھجوریہ کی صدارت میں سبارڈینیٹ لیجسلیشن میٹنگ
سرینگر /قانون ساز کونسل کی سبارڈینیٹ لیجسلیشن کی ایک میٹنگ آج یہاں ایم ایل سی اشوک کھجوریہ کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ ارکانِ قانون سازیہ محمد مظفر پرے ، ڈاکٹر شہناز گنائی اور وکرم رندھاوا نے میٹنگ میں شرکت کی اور کمیٹی کو احسن طریقے پر چلانے کے سلسلے میں اپنی قیمتی آراء سے کمیٹی کو روشناس کیا ۔ کمیٹی نے جے اینڈ کے پبلک سروس کمیشن کے رولز ، ریگولیشنز اور ایکٹ پر سیر حاصل بحث ہوئی ۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کی اگلی میٹنگ کونسل سیکرٹریٹ میں یکم جون 2018 کومنعقد ہو گی ۔ کونسل سیکرٹریٹ کے افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔
حکومت امن بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کامطالبہ
جموں//جموں کشمیرصاف ستھرامومنٹ نے گذشتہ دس دنوں سے جموں اورسانبہ ،ضلاع کی حدمتارکہ اور بین الاقوامی سرحدپر پاکستان کی طرف سے مسلسل گولہ باری کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے امن بحالی کے لئے ٹھوس اقدامات کامطالبہ کیاہے۔ یہاں جاری پریس بیان کے مطابق جموں کشمیرصاف ستھرامومنٹ کے صدرشوکت چودھری نے سرحدی علاقوں کادورہ کرکے پاکستان کی طرف سے شدیداوربلااشتعال گولہ باری سے ہوئے نقصانات کاجائزہ لیااورمتاثرین کے ساتھ ملاقات کی ان کے ساتھ ہمدردی کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ درجنوں دریہات گولہ باری سے اجڑگئے ہیں اورلوگ ہجرت کرکے کیمپوں میں رہنے پرمجبورہیں۔انہوں نے کہاکہ سرحدی علاقوں میں بسنے والے لوگوں کومحفوظ مقامات پرپانچ پانچ مرلہ پلاٹ الاٹ کئے جانے چاہیئے تاکہ وہ بھی باوقارزندگی بسرکرسکیں۔ شوکت چودھری نے دونوں ملکوں سے اپیل کی کہ دونوں طرف سے گولہ باری کوروکنے کیلئے مذاکرات کاعمل شروع کیاجائے تاکہ امن کی فضابحال ہوسکے۔
پی ڈی پی یوتھ لیڈران کی جانب سے گولہ باری متاثرین میںامدادتقسیم
جموں//پی ڈی پی یوتھ لیڈرپرویزوفاخان نے دیگرپارٹی کارکنان سابق سرپنچ گرمیت باجوا،سابق سرپنچ سرتاج سنگھ ،سندیپ جموال ،رجت رندھاوا،نریندرشرما وغیرہ نے آرایس پورہ اورارنیہ سرحدی علاقوں کادورہ کرکے کیمپوں میں رہ رہے گولہ باری سے متاثرہ لوگوں میں امدادی سامان تقسیم کیا۔اس دوران پرویزوفاخان ودیگران نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کااظہارکیااورانہیں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔اس دوران پی ڈی پی یوتھ لیڈران نے دونوں ممالک پرزوردیاکہ وہ سرحدی عوام کی پریشانیوں کودورکرنے کیلئے مذاکرات کے عمل کوشروع کریں۔انہوں نے سرحدوں پرسیزفائرکی عمل آوری پربھی زوردیا۔
تھوتھو کوڈی میں پولیس فائرنگ معاملہ
پنتھرس پارٹی کا جوڈیشل انکوائری کامطالبہ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ کی صدارت میں دارالحکومت نئی دہلی میں پنتھرس پارٹی کی ایک ہنگامی میٹنگ ہوئی، جس میں پولیس فائرنگ سے تھوتھو کوڈی (توتی کورین)، تمل ناڈو میں تقریبا ایک درجن معصوم لوگوں کے مارے جانے کی سخت مذمت کی گئی، جو ویدانتا اسٹار لائٹ کاپر پلانٹ کو بند کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ نیشنل پنتھرس پارٹی نے ہندستان کے صدر سے تمل ناڈو میں جلد صدر راج نافذ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے تمل ناڈو کے لوگوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے کنبہ کو انصاف کو دلانے کی یقین دہانی کرائی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے تمل ناڈو پنتھرس پارٹی کے صدر مسٹر نریش امبیڈکر سے بھی بات چیت کی اور ان سے توتی کورین کا دورہ کرنے کی درخواست کی، جو ان کے گھر سے تقریبا 60 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔تمل ناڈو ریاستی پنتھرس پارٹی کے صدر نے پروفیسر بھیم سنگھ کو یقین دلایا کہ سرگرم کارکنوں کے ساتھ ساتھ وکلاء کی پنتھرس پارٹی ٹیم پنتھرس پارٹی کے انصاف کے پیغام کے ساتھ توتی کورین کے لئے جلد از جلد کام کرے گی جس سے تمام متاثرہ لوگوں کو انصاف مل سکے۔ تمل ناڈو پنتھرس چیئرمین جناب نریش امبیڈکر نے پروفیسر بھیم سنگھ کو بتایا کہ توتی کورین ضلع کے تمام راستے کل سے پولیس نے بند کر دیئے ہیں، پھر بھی پنتھرس کارکن اس مقام تک پہنچیں گے اور متاثرہ لوگوں سے انصاف کے واضح پیغام کے ساتھ ملاقات کریں گے۔دہلی میں نیشنل پنتھرس پارٹی کے میٹنگ میں دہلی پردیش پنتھرس کے صدر راجیو جولی کھوسلا، راجستھان پنتھرس پارٹی کے ایگزیکٹو چیئرمین مسٹر انل شرما، اترپردیش پنتھرس پارٹی کے صدر رام آدھارسنگھ بشین، پنجاب پنتھرس پارٹی کے جنرل سکریٹری مسٹر رامراج سنگھ، ہریانہ پنتھرس کے صدر ایڈووکیٹ مسٹر ششی بھارت بھوشن اور قومی ایگزیکٹو کمیٹی کے کئی دوسرے رکن موجود تھے۔پنتھرس پارٹی کی قومی ایگزیکٹو کمیٹی اس سلسلے میں ہندستان کے صدر کو ایک میمورنڈم بھی سونپے گی۔ پنتھرس پارٹی نے اعلان کیا کہ وہ ہندوستان کے تمام شہریوں کے لئے حق و انصاف کے تحفظ کے لئے کنیا کماری سے کشمیر تک اپنی تحریک کو مضبوطی اور فروغ دے گی۔