جموں /مکانات و شہری ترقی کے وزیر ست پال شرما نے جموں وکشمیر ہاوسنگ بورڈ کے عہدے داروں کی ایک میٹنگ کر کے بورڈ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کرشن اگر وال ، منیجنگ ڈائریکٹر ہاوسنگ بورڈ من موہن سنگھ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ہاوسنگ بورڈ نے 2017-18 کے دوران 24 کروڑ 50لاکھ روپے آمدن حاصل کی۔ پی ایم اے وائی ۔ ایچ ایف اے ( اربن ) مشن کا جائزہ لینے کے دوران وزیر کو بتایا گیا کہ ہاوسنگ بورڈ کو مرکزی معاونت کے تحت 14036 مکانات کی تعمیر کی منظوری ملی ہے جس کے لئے 210 کروڑ روپے واگذار کئے جائیں گے اور ریاست میں 2ہزار مکانوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جاچکا ہے ۔اسی مشن کے اربن مد کا جائز ہ لیتے ہوئے وزیر کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں پی ایم اے وائی کے تحت 25 شہروں اور قصبوں کو اس کے دائرے میں لایا گیا ہے۔شہری علاقوں میں مکانات کی بڑھتی مانگ کو پورا کرنے کے لئے وزیر نے شہروں میں عمووی عمارات کھڑا کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کٹھوعہ اور ریاسی میں ہاوسنگ کا لونیاں قائم کرنے کی تلقین کی ۔ وزیر نے قرعہ اندازی کے ذریعے کٹھوعہ میں 93 پلاٹ فراہم کرنے کے لئے کہا۔اس سے قبل بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر نے ایک پاور پوائنٹ پریذنٹیشن کے ذریعے بورڈ کی کارکردگی کا خلاصہ پیش کیا۔