جموں//گستاخ قرآن کریم وسیم رضوی کے خلاف جموں صوبہ میں برہمی جاری ہے اوراس دورا ن علماء اور لوگ سیخ پاہیں۔بانہال میں احتجاج کیاگیا جبکہ پونچھ میں بھی کئی مقامات پر مظاہرے اور اظہار ناراضگی ہوئی ۔ادھرڈوڈہ اور کشتواڑ بھی آتش زیر پاہیں جبکہ جموں میں انجمن امامیہ اور ریلوے سٹیشن مسجد کے امام نے پریس کانفرنس کرکے برہمی ظاہر کی ہے۔
بانہال
نامہ نگار محمد تسکین کے مطابق اتوار کے روز جموں سرینگر شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں لوگوں نے سابقہ چیئرمین شعیہ وقف بورڈ وسیم رضوی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور اس کے پتلے کو نذر آتش کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے اور احتجاجی ریلی کی قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقامی لیڈر محمد سلیم بٹ کر رہے تھے جبکہ کئی مقامی دکاندار، مدرسے کے طلبا اور مقامی لوگ بھی احتجاجی مظاہرے میں شریک تھے۔مظاہرین وسیم رضوی کو قرآن کریم کے خلاف گستاخانہ بیانات پر اسے فوری طور پر کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ بعد میں یہ احتجاجی ریلی پر امن طور سے منتشر ہوئی اور احتجاج کے پیشِ نظر پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے۔ اس سے پہلے جمعہ اور ہفتے کو چندر کوٹ اور گول میں بھی لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کرکے وسیم رضوی کو قران مقدس کے متعلق گستاخانہ الفاظ پر احتجاجی مظاہرے کئے تھے۔ ضلع رام بن میں شاہراہ پر واقع قصبہ چندر کوٹ شیعہ برادری کا سب سے بڑا مرکز ہے اور انہوں نے وسیم رضوی کو اپنے بدبختانہ کلمات سے توبہ کرنے اور سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے۔
مجلس شوریٰ کشتواڑ
نامہ نگار عاصف بٹ کے مطابق اسلامی مرکزی مجلس شوریٰ کا ایک اجلاس زیر صدارت امام مرکزی جامح مسجد وامیر مجلس شوریٰ فاروق احمد کچلو منعقد ہوا جس میں مرکزی مجلس شورای ضلع کشتواڑ نے وسیم رضوی کے ذریعے سپریم کورٹ آف انڈیا میں دایر اس عرضی کی سخت الفاظ میں مذمت کی جس میں رضوی کے ذریعے بے بنیاد دلایل دے کر قرآن کی 26 آیات مقدسہ کو ہٹایے جانے کا مطالبہ کیاہے۔ مجلس نے اس بات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جیسے سیکولر ملک میں رضوی جیسے لوگ ابھی تک سلاخوں کے باہر آزاد ہوا میں گھوم رہے ہیں، حکومت بھارت کو فوری طور رضوی ملعون جیسے شخص کو سلاکھوں کے پیچھے دھکیلنا چاہئے، تاکہ یہا ںکے امن وامان کو بحال رکھا جائے۔مجلس نے کہاکہ قرآنِ مقدس 26 آیات تو دور کی بات ایک نقطے کو ہٹانا بھی کوئی مسلمان برداشت نھی کرسکتا،اور نہ ہی کوئی کرسکتاہے اور نہ ہی معزز سپریم کورٹ آف انڈیا کو اس پر کوئی سماعت کرنی چاہیے ،مسلمانان بھارت کو اسلام مخالف ایسے افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ مجلس مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ رضوی جیسے ملعون کو فوری طور گرفتار کرکے پھانسی دی جائے۔
جاوید رانا
نامہ نگار جاوید اقبال کے مطابق مینڈھر میںنیشنل کانفرنس کے سنٹرل سکریٹری اور سابقہ ممبر اسمبلی جاوید احمد رانا نے پریس کانفرنس کرکے اپنی برہمی کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ جس طرز پر وسیم رضوی نے اہلِ اسلام کے جذبات اور احساسات کو مجروح کیا ہے،وہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں کہا کے یہ مذہبِ اسلام کے خلاف ایک ایسی گہری سازش ہے جس کے بھیانک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں اس چنگاری سے پیدا ہونے والے شعلوں کی لپٹ میں دنیا پوری انسانیت آسکتی ہے اور دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت بھی اس پر کنٹرول نہیں کرسکے گی۔ جاوید احمد رانا نے کہا کہ قرانِ مقدس کی شانِ مبارکہ میں اتنی بڑی گستاخی کرنے والے وسیم رضوی کی اتنی ہمت نہیں ہو سکتی ہے کہ وہ اللّٰہ جلا مجدّہ الکریم کی متبرک کلام کی شانِ اقدس میں لب کشائی کرنے کی جسارت کرسکے۔حقیقت میں اس افسوسناک سانحہ کے پیچھے ایک منصوبہ بند اور گہری سازش کارفرما ہے اس کی آبیاری وسیم رضوی کی ناپاک زبان سے کروائی جارہی ہے جبکہ اس سوچ کی منصوبہ سازی کسی بڑے ابلیس کی جانب سے کی گئی ہے۔جاوید احمد رانا نے سرکار سے مطالبہ کیا کے وسیم رضوی اور اس کے آقاؤں کے خلاف تحت ضابطہ سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی شیطان اس قسم کی ناپاک کوشش کا مرتکب نہ ہونے پائے۔
نائب چیئرپرسن ڈی ڈی سی پونچھ
نامہ نگارحسین محتشم کے مطابق نائب چیئرپرسن ڈی ڈی سی پونچھ محمد اشفاق نے کہا کہ وسیم رضوی کو مقدس کتاب قرآن پاک پر شک کرنے کے جرم میں کڑی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کے اس منحوس شخص نے تمام مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے،اس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں کو نہ بھولنے والا اور ناقابل برداشت درد دیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مرتد کے لئے لوگوں کے دلوں میں نہایت ہی غصہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ حکومت ہند سے اپیل کرتے ہیں کہ وسیم رضوی کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ورنہ آنے والے دنوں میں امت مسلمہ کا غصہ اس منحوس شخص کے خلاف سڑکوں پر اترنے کے لئے مجبور کریے گا جس کی ساری زمہ داری موجود سرکار پر عائد ہو گی۔
بی ڈی سی چیئرمین منکوٹ
نامہ نگارجاوید اقبال کے مطابق منکوٹ بلاک کے بی ڈی سی چیئرمین امان اللہ چوہدری نے سابقہ چیئرمین شیعہ وقف بورڈ وسیم رضوی کے خلاف سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے آدمی کو چوک میں کھڑا کرکے پتھروں سے مار دینا چاہے جس نے تمام امت مسلمہ کے دلوں میں ٹھیس پہنچائی ہے۔ انہوں نے وسیم رضوی کی گستاخی پر اپنا مذمتی بیان جاری کیا جس میںانہوںنے بتایا کہ قرآن کریم کے خلاف اس طرح کا پروپیگنڈا نزول قرآن کے وقت سے ہی جاری ہے، اور ہمیشہ ہی ناکام و نامراد ہوتے رہے ہیں،اسی طرح وسیم رضوی ملعون اور اس کے آقا بھی اپنی ناپاک عزائم میں ناکام و نامراد ہی ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے باشندگان سے عموماً اور مسلم نوجوانوں سے عموماً اپیل کی کہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں کیونکہ ملک دشمن، آئین دشمن قوتیں اس طرح کی حرکات کر کے ملک کے اصل مسائل کی طرف سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔اس دوران جموں میں بھی انجمن امامیہ اور ریلوے سٹیشن مسجد کے امام نے پریس کانفرنسیں کرکے رضوی کے خلاف مذمتی بیانات جاری کرتے ہوئے انہیں سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔