جموں//پنچوں اور سرپنچوں نے ڈی ڈی سی ممبران کو ترجیح دینے اور سرپنچوںاور کونسلروںکوپش پشت ڈالنے پر سرکار کے خلاف سخت ناراضگی اور غم و غصے کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پنچ سرپنچ، بلدیاتی کونسلر اور ڈی ڈی سی ممبران جمہوری نظام کے تین یکساںپہئے ہیں تاہم دو کو چھوڑ کر ایک پہئے کو ترجیح دینا سراسر ناانصافی ہے اور اگر اس ناانصافی کو دور نہیں کیا گیا تو احتجاجی مہم چھیڑ دی جائے گی ۔ جموں میں ایک پریس کانفرنس میں پنچوں اورسرپنچوںنے اعلان کیا ہے کہ اگر ان کے ساتھ کی جارہی ناانصافی کو ختم نہیں کیا جائے گا تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ پنچوں اور سرپنچوںنے کہا ہے کہ ڈی ڈی سی ممبران کو دئے گئے پروٹوکول اور مراعات کے وہ خلاف نہیں ہے تاہم پنچوں ، سرپنچوں اور کونسلروں کو بھی اسی طرح پروٹوکول اور مراعات و مشاہرے دئے جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ جمہوری نظام میں پنچ ، سرپنچ ،بلدیاتی کونسلر، اور ڈی ڈی سی ممبران اور چیرپرسنز تین پہئے ہیں جو جمہوری نظام کو چلارہے ہیں جن کو لوگوں کی جانب سے چنا گیا ہے تاہم اگر دو پہیوں کو چھوڑ کر صرف ایک پہئے کی آبیاری کی جائے گی تو یہ گاڑی چلنے سے قاصر رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ ڈی ڈی سی ممبران کے طرز پر میونسپل کونسلروں اور پنچوں و سرپنچوں کو بھی پروٹوکول فراہم کیا جائے اور انہیں بھی یکساں مشاہرہ اور مراعات دئے جائیں جو کہ ان کا جمہوری حق ہے ۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوںنے دھمکی دی ہے کہ اگر سرکار اس تفاوت کو دور نہیں کرے گی تووہ سڑکوں پر آکر احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔
سرپنچ ایسوسی ایشن کاسرپنچوں اور پنچوں کو با اختیار بنانے کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ// سرپنچ ایسوسی ایش کی جانب سے بفلیاز ڈاک بنگلہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران گورنر انتظامیہ سے اپیل کی گئی کہ پنچایتوں کو بااختیار بنایاجائے۔ انہوں نے کہا اگر حکومت نے اس سلسلہ میں جلد احکامات صادر نہ کئے تو وہ زبردست احتجاج شروع کریں گے۔ پریس کانفرنس کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کو مخاطب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر سرفراز قریشی، سپرنچ امجد خان،سرپنچ طاہرہ نسیم اورسرپنچ منیر حسین نے کہا کہ مرکزی سرکار کی جانب سے انتخابات کے دوران ان کے ساتھ بڑے بڑے وعدے تو کئے گئے تھے لیکن ان وعدوں پر ابھی تک عمل نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز گزر جانے کے بعد بھی سرپنچوں اور پنچوں کو اختیارات کیلئے جد جہد کرنی پڑ رہی ہے۔ انہوں نے ایل جی منوج سنہا سے اپیل کی کہ جو وعدے انتخابات کے دوران ان سے کئے گئے تھے ان کو پورا کیا جائے ۔انہوں نے سرپنچوں کی15ہزار روپئے اور پنچوں کی5ہزاروپئے تنخواہ مقرر کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔