عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات اسمگلنگ کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن اننت ناگ کی ایک ٹیم نے بنگی در پر فلٹریشن پلانت کے نزدیک ناکے کے دوران ایک شخص کو روکا۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے تقریباً 384 گرام چرس پائوڈر اور 54 چرس کی چھڑیاں جو مکی کے چھلکے میں لپٹی ہوئی تھیں، بر آمد کی گئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح اس کے قبضے سے مجموعی طور پر 438 گرام ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا۔
ملزم کی شناخت فیضان احمد بٹ عرف غفور ولد نذیر احمد ساکن بنگی دار کے طور پر کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اننت ناگ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر12/2026 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایک اور کارروائی کے دوران اننت ناگ پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد برآمد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن اترسو کی ایک ٹیم نے چھترگل میں دو افراد کو دھر لیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 1.150 کلو چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔
ملزموں کی شناخت محبوب گوجر ولد مام شکور گوجر اور رفیق احمد گوجر ولد بشیر احمد گوجر ساکن چونٹی ہال اترسو کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اترسو میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر4/2026 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
اننت ناگ میں 3 منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد: پولیس