سرینگر//جموں و کشمیر کو دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کرنے کے بعد ، 12ہزارسے زیادہ سرکاری ملازمین نے لداخ میں کام کرنے کا انتخاب کیا ہے جبکہ 467 ملازمین ، جو لداخ کے اقامتی ہیں ، نے جموں کشمیر میں ملازمت اختیار کرنے کو ترجیح دی ہے۔محکمہ عمومی انتظامی کی جانب سے اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق مختلف محکموں میں 12ہزار92سرکاری ملازمین نے مرکزی زیر انتظام علاقہ لداخ میں خدمات انجام دینے کا انتخاب کیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں سے کئی ملازمین جموں و کشمیر کے رہائشی ہیں لیکن وہ لداخ میں خدمات انجام دینا چاہتے ہیں۔ تاہم ، زیادہ تر ملازمین ، جنہوں نے لداخ کا انتخاب کیا ہے ، لیہ اور کرگل کے رہائشی ہیں۔ان ملازمین میں 4712 ملازمین محکمہ تعلیم ، 1995 محکمہ داخلہ اور 1763 محکمہ صحت و طبی تعلیم کے ہیں۔حکومت کی طرف سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ، محکمہ زرعی پیداوار کے 67 ملازمین ، محکمہ انمل و شیپ ہسبنڈری(افزیش جانور و بھیڑ) کے 944 ، محکمہ الیکشن کے 7 ، خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے 22 ، محکمہ خزانہ کے 202 ، محکمہ پھولبانی کے2 ، محکمہ جنگلات کے81 ،محکمہ عمومی انتظامی کے 46 ، باغبانی کا ایک ، شہری ترقی و مکانات کے 127 ، صنعت و حرفت کے 45 ، محکمہ اطلاعات کے 41 ، محکمہ محنت و روزگار کے 18 ، قانون ، انصاف اور پارلیمانی امور کے6 ، محکمہ بجلی کے 684 ،،محکمہ دیہی ترقی کے 163 ، محکمہ سماجی بہبودکے4 ،محکمہ سیاحت کے3 ، ٹرانسپورٹ کے 12 ، یوتھ سروسز اور اسپورٹس محکمہ کے 273 ،محکمہ فروغ ہنرکے 41 ، اے آر آئی اور ٹریننگ کے5 ،،محکمہ ثقافت کے 41 ، محکمہ مال کے 6، تعمیرات عامہ کے 212 ، کان کنی محکمہ کے 8، محکمہ تواضع کے 4، کوآپریٹو محکمہ کے 99 ، اعلیٰ تعلیم کے 5اور جل شکتی (پی ایچ ای) کے 453 شامل ہیں۔ان میں کچھ ایسے ملازمین بھی شامل ہیں جو جموں و کشمیر کے رہائشی ہیں لیکن انہوں نے لداخ میں خدمات انجام دینے کو ترجیح دی ہے۔یہ تمام ملازمین سوشل ویلفیئر ، محکمہ سیاحت ، فلوری کلچر ، پارکس اینڈ گارڈنز میں کام کررہے ہیں ۔دوسری طرف ، 467 سرکاری ملازمین ، جو لداخ یا کرگل کے مستقل رہائشی ہیں ، نے جموں و کشمیر کا انتخاب کیا ہے۔ ان میں محکمہ تعلیم کے 353 ، محکمہ داخلہ کے 90 ،محکمہ صحت و طبی تعلیم کے 56 ، محکمہ بجلی کے 15 ، کوآپریٹو کے 9 ، امور صارفین عوامی تقسیم کاری،محکمہ خزانہ ،محکمہ عمومی انتظامی،محکمہ سماجی بہبود اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے تین ،تین ملازمین کے علاوہ محکمہ باغبانی ، لیفٹیننٹ گورنر سیکریٹریٹ ، سیاحت ، محکمہ ثقافت ، جل شکتی ، محکمہ تعمیرات عامہ ، کان کنی اور محکمہ تواضع کا ایک ایک ملازم بھی اس میں شامل ہے ۔جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ ، 2019 کے دفعہ 89 کی شق(2) کے تحت موجود قانونی ذمہ داری کے مطابق ، سابق ریاست جموں و کشمیر کے تمام ملازمین سے مرکزی زیر انتظام خطوں کی تقسیم کے حوالے سے اختیارات طلب کئے گئے تھے۔تمام ملازمین کا موقف حاصل کرنے اور دوبارہ تصدیق کرنے کے بعد ، حکومت نے اب لداخ میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کو مذکورہ مرکزی زیر انتظام علاقے اور باقی ملازمین کو جموں کشمیرمیں مختص کرکے افرادی قوت تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تاہم ، اس سے پہلے کہ یہ معاملہ مجاز اتھارٹی کے سامنے رکھا جائے گا اور ان ملازمین ، جنہوں نے لداخ میں خدمات انجام دینے کا انتخاب کیا ہے اور لداخ کے ڈومیسائل ملازمین ، جنہوں نے جموں و کشمیر کے میں خدمات انجام دینے کا انتخاب کیا ہے ، کو ان کی تصدیق کا موقع دیا جا رہا ہے۔ کسی بھی قسم کی تبدیلی ، شکایت کی ضرورت ہو تو ایسے ملازمین اپنی نمائندگی اپنے کنٹرولنگ افسران کی وساطت سے 6 ستمبر 2021 تک اپنے متعلقہ انتظامی محکمہ کو پیش کر سکتے ہیں۔